پی آئی اے کا سیالکوٹ کو یورپ سے منسلک کرنے کا اعلان


سیالکوٹ: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے سیالکوٹ کو یورپ سے براہ راست منسلک کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا بتانا ہے کہ 20 جنوری بروز اتوار کو پہلی پرواز پی کے 769 دوپہر 2:45بجے سیالکوٹ سے پیرس اور بارسلونا کے لیے روانہ ہو گی۔ دوسری جانب پیرس اور بارسلونا سے سیالکوٹ پہلی پرواز پی کے 770 دوپہر 12بجے سیالکوٹ پہنچے گی۔

پی آئی اے وہ پہلی ایئر لائن ہے جو سیالکوٹ سے یورپی ممالک کے لیے براہ راست فضائی مسافر اور کارگو سروس فراہم کر رہی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا یہ بھی بتانا ہے کہ اعلیٰ حکومتی شخصیات سیالکوٹ ایئر پورٹ پر پہلی پرواز کے مسافروں کا استقبال کریں گی۔

واضح رہے کہ ماضی قریب میں قومی ایئرلائن کو ٹریک پر واپس لانے کے لیے کچھ اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں تاہم ابھی پی آئی اے کو اپنی ساکھ بحال کرنے میں ایک لمبا عرصہ درکار ہے۔

تاہم قومی ائیر لائن اپنے غیر معمولی اقدامات سے مسافروں کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں