میکسیکو: آئل پائپ لائن میں آتشزدگی، 66 ہلاک، متعدد زخمی


تلاہو للپان: میکسکو میں تیل کی پائپ لائن میں لگنے والی آگ کے باعث 66 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ ایران کی نیوز ایجنسی کے مطابق تیل کی پائپ لائن غیرقانونی تھی اوراس سے تیل چوری کے دوران یہ حادثہ پیش آیا ہے۔

ایران کی ’تسنیم نیوز ایجنسی‘ کے مطابق حادثہ دارالحکومت میکسکو سٹی کے شمال میں 105 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہڈالگو ریاست کے شہر تلاہو للپان میں پیش آیا ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق تیل پائپ لائن میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں لگنے والی آگ کے شعلے آسمان کی طرف بلند ہوئے اور متاثرین سمیت شہریوں کو مدد کے لیے پکارتے دیکھا گیا۔

ایران کے خبررساں ادارے کے مطابق جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت مقامی افراد غیرقانونی تیل کی پائپ لائن سے بوتلوں سمیت دیگر چیزوں میں تیل بھررہے تھے جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

میکسکو میں حکومت نے تیل چوری کے خلاف مہم کا آغاز کررکھا ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق صرف تیل چوری کی وجہ سے 2017 میں تقریباً تین ارب ڈالرز کا خطیر نقصان ملک کو برداشت کرنا پڑا تھاْ۔

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق میکسکو کے صدر آندرے لوپیز نے جائے وقوع کا دورہ کیا اورسانحہ پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ریاستی حکومت سے متاثرین کی مدد کا مطالبہ کرتا ہوں۔

عالمی نیوز ایجنسی کے مطابق حادثے کے فوری بعد فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔

میکسیکو کے ذرائع ابلاغ کے مطابق آئل کمپنی ’پیمیکس‘ کی ایمبولینسوں نے بھی بھرپور طریقے سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور جاں بحق افراد کی میتوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

میکسیکو کے سیکیورٹی وزیر الفونسو کا کہنا ہے کہ لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق آئل کمپنی پیمیکس کا کہنا ہے کہ اسی حادثے کے دوران ریاست کوریٹارو میں بھی ایک جگہ پٹرول پائپ لائن میں آگ لگی تھی لیکن اس پر فوراً قابو پالیا گیا اور کسی قسم کا بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق میکسکو میں تیل کی پائپ لائنوں سے چوری معمول کی بات ہے اور اس کے باعث ہونے والے دھماکے بھی اکثر ریکارڈ کیے جاتے ہیں۔

ذرائع ابلاغ  تیل چوری میں بڑے ڈرگ ڈیلرز اور مافیا کو ملوث قرار دیتے ہیں۔

میکسیکو کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد حکومت نے تیل کی تمام اہم پائپ لائنوں کو فوری طور پر بند کردیا ہے جب کہ پیمیکس کی پیداواری سہولت کی حفاظت پر فوج مامور کردی گئی ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مہم کے دوران کے دوران ملک بھر میں تیل و گیس کی کمی کی شکایات منظر عام پر آرہی ہیں اورحادثے کے متعلق مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس کی بڑی وجہ ناقص حکومتی حکمت عملی تھی۔


متعلقہ خبریں