وزیراعظم کا دورہ قطر، ہم منصب سے ملاقات


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورہ قطر کے پہلے مرحلے میں اپنے قطری ہم منصب عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی سےملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی زلفی بخاری بھی شریک تھے۔

قطرکے وزیر اعظم عبداللہ بن ناصربن خلیفہ الثانی نے وزیر اعظم عمران خان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ  قطر کے دو روزہ دورے پر پیرکو دوحہ پہنچے ہیں۔ وزیراعظم کو دورہ قطر کی دعوت امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کا قطرپہنچنے پر نائب وزیر خارجہ نے استقبال کیا۔

اس حوالے سے قطری سفیر صقر بن مبارک المنصوری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات مزید بہتر اور مضبوط بنانے کا جائزہ لیا جائے گا۔

قطری سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور زیر بحث آئیں گے۔

ان کے مطابق عمران خان، قطری ہم منصب عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ آل ثانی سے بھی ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر استوار  تاریخی تعلقات ہیں۔

صقر بن مبارک المنصوری نے کہا کہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں واضح بہتری نظر آ رہی ہے، پاکستان اور قطر کے مابین معاشی و توانائی شعبوں میں تعاون قابل ذکر ہے۔

قطری سفیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کا دورہ قطر دوطرفہ تعاون کے فروغ، تعاون کی نئی راہیں متعین کرے گا۔

وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی روانہ ہوئے ہیں۔

پاکستان قطر سے ایل این جی کے نرخ پر نظر ثانی کی درخواست کرے گا جبکہ افرادی قوت کے سلسلے میں قطری حکام سے بات کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ قطر میں ہونے والاے ورلڈ کپ کے لیے ہاکستان ٹرین افراد دینے کا خواہاں ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان اورقطری حکام کےدرمیان طالبان مذاکرات پربات چیت ہوگی جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدےبھی ہوں گے۔


متعلقہ خبریں