ملک بھر میں سال 2019 کی پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز



اسلام آباد: پنجاب، بلوچستان، سندھ اورخیبر پختونخوا سمیت ملک بھرمیں رواں سال کی پہلی  انسداد پولیومہم آج سےشروع ہو گئی ہے.

کراچی میں سات روزہ انسداد پولیو مہم آج سے 27 جنوری تک جاری رہے گی جس کا افتتاح کمشنر کراچی افتخاراحمد شلوانی نے کیا جب کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی پانچ روزہ مہم 25 جنوری تک جاری رہے گی۔

صوبے بھر میں 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور پانچ سال سے کم عمر کے 24 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر راشد رزاق کے مطابق بلوچستان میں آج شروع ہونے والی مہم کے دوران 25 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انسداد پولیو مہم میں دس ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔

لاہور سمیت پنجاب میں انسداد پولیو مہم 25 جنوری تک جاری رہے گی جس کے تحت ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو کے قطرے پلانے کے لیے 48 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ضم شدہ قبائلی اضلاع سمیت خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو مہم تین روز تک جاری رہے گی۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) خیبر پختونخوا کے مطابق پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 58 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے دوران مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ افغان مہاجرین اور آی ڈی پیز کے 112 کیمپوں میں بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ای او سی نے بتایا کہ صوبے میں مہم کے لیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 27300 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن کی مؤثر نگرانی کے لیے 5098 ایریا انچارجز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

ای او سی کے مطابق پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے لیے پولیس کے 30 ہزار سے زائد مسلح اہل کار تعینات رہیں گے جب کہ دوران مہم مجموعی طور پر 58 لاکھ 90 ہزار 852 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

گزشتہ سال 2018 میں ملک بھر سے دس اور کراچی سے پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ ہزارپولیس اہلکار سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

کمشنر کراچی افتخار احمد شالوانی کا کہنا تھا کہ ملک میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے لیکن پولیو کے نمونے مثبت آنے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ حساس علاقوں سمیت انکاری والدین کے حوالے سے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔


متعلقہ خبریں