سانحہ ماڈل ٹاؤن: رانا ثنا اللہ کا جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار


لاہور: سابق وزیرقانون پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے سانحہ ماڈل ٹاون پر بنائی گئی مشترکہ تحقیقتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب  سیاسی انتقام لینے کے لیے جے آئی ٹی بنائی گئی ہے۔ موجودہ حکومت نے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے کہنے پر جے آئی ٹی بنائی کیونکہ پی اے ٹی ہمارے لیے بغض رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاون میں فرد جُرم لگ چکی ہے لہذا جے آئی ٹی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

اس حوالے سے رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں شامل افسران قابل عزت اور اچھی شہرت کے حامل ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں گزشتہ سال 2018 دسمبر میں چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کی تھی جس کے بعد نئی جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے دیا گیا تھا۔ نئی جے آئی ٹی نے سابق وزیر قانون کو پیر کے روز طلب کیا تھا۔

اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سمیت 115 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں