سانحہ ساہیوال میں ملوث ملزمان کو سزا ملنی چاہیے،سینیٹرز


اسلام آباد: سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹرز نے سانحہ ساہیوال کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

سینیٹ کا اجلاس اسپیکر صادق سنجرانی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ بلوچستان سے منتخب سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے رکنیت کا حلف اٹھایا جب کہ سینیٹ اجلاس میں علی رضا عابدی اور ملک حاکمین خان کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

قائد ایوان شبلی فراز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں روزانہ سانحات ہو رہے ہیں  لیکن ہم قانون سازی کے بجائے بحث میں الجھ جاتے ہیں۔ سانحہ کے بارے میں ہماری رائے اپوزیشن سے مختلف نہیں ہے۔

انہوں ںے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے تھا کہ ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں ہمیں بھی اعتماد میں لیتی کیونکہ اگر ہمیں اعتماد میں لیا جاتا تو صورتحال مختلف ہوتی۔

مسلم لیگ نون کے رہنما راجہ ظفر الحق نے کہا کہ بعض واقعات فوری توجہ طلب ہوتے ہیں اور اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اس معاملے کو آج ہی زیر بحث لایا جائے۔ اتنے بڑے سانحات پر بھی اگر بات نہیں کر سکتے ہیں تو پھر ہمارا کیا فائدہ ہے ؟

راجہ ظفر الحق نے کہا کہ سانحہ ساہیوال افسوسناک اور انتہائی اہم معاملہ ہے۔ پولیس اہلکاروں نے گاڑی کے شیشے سیاہ بتائے جب کہ ٹی وی چینلز نے اس کے برعکس بتایا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو تو بات کرنا ہی نہیں آتی جب تک ان کے کان میں کچھ ڈال نہ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہر معاملے پر جے آئی ٹی بنا دی جاتی ہے جب کہ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ گاڑی میں ایک دہشت گرد موجود تھا، اب جو بھی اس واقعے میں ملوث ہے اس کو سزا ملنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں