حکومت پاکستان نے بھارتی سرکار کو دورہ اسلام آباد کی دعوت دیدی


اسلام آباد: حکومت پاکستان نے بھارتی سرکار کو اسلام آباد دورے کی دعوت دے دی۔

ہم نیوز کے مطابق کرتار پور راہداری معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستانی وزارت خارجہ نے بھارتی حکومت سے کہا ہے کہ وہ کرتار پورراہداری معاہدے پر مذاکرات کے لیے جلد اپنا وفد اسلام آباد بھیجے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے حوالے سے ہم نیوز نے بتایا ہے کہ حکومت پاکستان نے ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا ڈاکٹر فیصل کو کرتار پور پر فوکل پرسن تعینات کر دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کرتار پور معاہدے کا ڈرافٹ بھی بھارت کو بھجوادیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈرافٹ بھارتی ہائی کمیشن کے سپرد کیا گیا ہے۔

پاکستان بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر 2019 میں کرتار پور راہداری کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ عین اسلامی اصولوں کے تحت کیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ اسلامی اصولوں کے مطابق تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کیے مطابق پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ پاکستان علاقائی امن و ترقی کے لیے کام کرتا رہے گا۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 28 نومبر کو شکر گڑھ میں کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ اس تقریب میں بھارتی پنجاب کے وزیر اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سمیت دیگرنے شرکت کی تھی۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی اور واضح کیا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے گا تو ہم دو بڑھائیں گے۔


متعلقہ خبریں