دوسرا ون ڈے، جنوبی افریقہ پانچ وکٹوں سے کامیاب


ڈربن: دوسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد پاکستان کی جانب سے ابتدائی کھلاڑی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

اوپنرامام الحق صرف پانچ رنز بنا کر ربادا کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔ فخرزمان 26، بابراعظم  12 اور محمد حفیظ نو رنز بنا کر جلد پویلین واپس چلے گئے۔

شعیب ملک اور شاداب خان نے لڑھکڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیتے ہوئے مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے، ملک 21 اور شاداب 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

حسین طلعت صرف دو جبکہ فہیم اشرف بغیرکوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

حسن علی اور کپتان سرفراز احمد نے ہدف کو آگے بڑھانے کے لیے اچھا کھیل پیش کیا، حسن علی نے کیرئیرکی دوسری نصف سنچری اسکور کی۔

حسن علی 59 اور سرفراز احمد 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شاہین آفریدی مجموعی اسکورمیں صرف ایک رنز کا اضافہ کرکے واپس چلے گئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ایندائل فلکوایو نے سب سے زیادہ چار کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا راستہ دکھایا، تبریزشمسی نے تین اورکگیسو ربادا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں جنوبی افریقہ کا بھی آغاز اچھا نہ تھا اور ایک موقع پر 80 رنز پر اس کی پانچ وکٹیں گرچکی تھیں۔

تاہم اس موقع پر انڈائل پہلوکیو اور وسی وین ڈر ڈیوسن نے میچ وننگ پارٹنرشپ قائم کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروادیا۔

ڈیوسن 80 جبکہ پہلوکیو 69 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کے درمیان 127 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

پاکستانی گیند بازوں نے میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کی تاہم دفاع کرنے کے لیے بورڈ پر رنز ناکافی تھے۔ گرین شرٹس کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین جبکہ شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

فتح کے بعد جنوبی افریقہ نے سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔ پہلا ون ڈے پاکستان نے پانچ وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کھیلی جارہی ہے، اسکے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کا بھی مقابلہ ہوگا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی مہمان ٹیم کو جنوبی افریقہ نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں تین صفر سے شکست دی تھی۔

 


متعلقہ خبریں