میاں بیوی کو گولیوں سے زخمی کرنے والے پولیس اہلکار معطل

فائل فوٹو


کراچی: سندھ پولیس نے فائرنگ سے میاں بیوی کو زخمی کرنے والے اپنے محکمے کے دو  اہلکاروں کو غفلت ثابت ہونے پر معطل کردیا ہے۔

کراچی کے علاقے کورنگی میں اتوار کی شب پولیس کی فائرنگ سے میاں بیوی زخمی ہوگئے تھے۔ محکمہ کی انکوائری میں دونوں اہلکار غفلت کے مرتکب پائے گئے ہیں اور ڈی آئی جی ایسٹ نےدونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات دیے ہیں۔

پولیس انکوائری کے مطابق ایک اہلکار سے ایس ایم جی چھینی گئی، دوسرے نے ایس ایم جی چھیننے والے ملزموں پر فائرنگ کردی اور فائرنگ کے تبادلے میں میاں بیوی زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی کورنگی کو فائرنگ کے واقعہ کی انکوئری کے احکامات دیے گئے تھے تاہم واقعہ کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جاسکا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ زخمی عدنان کی مدعیت میں درج کیا جائے گا، عدنان اور اس کی اہلیہ ابھی بھی جناح اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

پولیس انکوائری کے مطابق دونوں زخمی میاں بیوی کے جسم سے گولیاں ابھی نہیں نکالی جاسکی ہیں اور گولیاں نکالے جانے کے بعد خول کا فرانزک ہوسکے گا۔

یاد رہے کہ 20 جنوری کی شب کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4 میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص اور اس کی اہلیہ زخمی ہوگئے تھے۔  شوہر کی شناخت عدنان اور خاتون کی شناخت ثاقبہ کے نام سے ہوئی تھی۔

جناح اسپتال کی شعبہ حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا تھا کہ  فائرنگ سے زخمی خاتون حاملہ بھی ہے۔


متعلقہ خبریں