’افرادی قوت کو بہترین تربیت سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کوشاں ہیں‘


کراچی: پاک بحریہ کی لاجسٹک کمانڈ کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد پی این ڈاکیارڈ میں ہوا اور وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

بدھ کے روز وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت کا لاجسٹک کمانڈ کی سالانہ تقریب ِتقسیمِ اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک بحریہ اپنی افرادی قوت کو بہترین تربیت اور نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چیف آف نیول اسٹاف نے تفویض کردہ ذمہ داریوں کی بہ احسن و خوبی انجام دہی پر لاجسٹک کمانڈ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بے حد سراہا۔

وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کہا کہ بحری جہازوں کی تعمیر میں خود انحصاری کے لیے کی جانے والی کوششیں قومی فخر کا باعث اور ہماری لگن کا ثبوت ہیں۔

وائس چیف آف نیول اسٹاف نے یہ بھی کہا کہ ملک کی حفاظت اور علاقائی بحری استحکام کے لیے جدید اور مضبوط بحریہ نا گزیر ہے۔

وائس چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے فلیٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ اپنی افرادی قوت کو بہترین تربیت اور نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈر لاجسٹکس رئیر ایڈمرل عدنان خالق نے سال 2018 کے دوران لاجسٹک کمانڈ کی مختلف کامیابیوں کے حوالے سے حاضرین کو آگاہ کیا۔

مہمان خصوصی، وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے لاجسٹک کمانڈ کی بہترین یونٹس اور افراد کو ان کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر اسناد سے نوازا۔

ہر سال کے اختتام پر یونٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور مختلف پراجیکٹس کی کامیاب تکمیل کے لیے کی جانے والی کوششوں کے تجزیے کے لیے سالانہ تقریب تقسیم اسناد منعقد کی جاتی ہے۔

 


متعلقہ خبریں