وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ہفتہ وار امن وامان پر اجلاس


کراچی:  وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت ہفتہ وار امن وامان پراجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری سندھ ممتاز شاہ، انسپیکٹر جنرل سندھ پولیس کلیم امام، سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ، ایڈیشنل آئی جی (سی ٹی ڈی) ڈاکٹر ولی اللہ دل اور ڈی آئی جیز کراچی نے شرکت کی ہے۔

اس کے علاوہ  حیدرآباد، سکھر، میر پور خاص، لاڑکانہ اور بےنظیرآباد کےافسران نے وڈیوکانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹرامیرشیخ نے وزیراعلیٰ سندھ کو سیکورٹی کی صورت حال پربریفنگ دی ہے۔

پی ای سی ایچ ایس میں کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے افسرکے قتل پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا فوکس اسٹریٹ کرائم اور ٹارگٹ کلنگ پر ہے لیکن فوکس کے مطابق کنٹرول نہیں ہو رہا۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم پولیس میں مداخلت نہیں کرتے، مجھےنتائج چاہیے۔

اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹرامیرشیخ کا کہنا تھا کہ پی ای سی ایچ ایس میں ہونے والے واقعے کے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طورپرقتل کی وجہ ذاتی دشمنی لگتی ہے۔

اجلاس میں فینسی نمبرپلٹ اور سرکاری گاڑیوں کےغیرقانونی استعمال کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے آئی جی سندھ ڈاکٹرکلیم امام نے  اجلاس کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھرمیں سترہ سو دورے کیے ہیں جبکہ بائیس سوجعلی نمبرپلیٹس اور پندرہ سوبغیرنمبرپلیٹس کے گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سترہ ہزاراوپن لیٹرپرچلنےوالی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی ہوئی ہے۔

اجلاس میں وزیراعلی ٰ سندھ کی جانب سے غیرقانونی تھانوں کو ریگولرازجگہ پرمنتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ اورچیف سیکرٹری سندھ کو اس تمام عمل کویقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے کوئٹہ جانے والی بسوں میں اضافی پیٹرول ٹینکوں کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ساؤتھ زون میں پولیس نے روک کر میرا شناختی کارڈ چیک کیا تھا۔ میں نے ان سے پوچھا کیا آپ نے مجھے پہچانا؟ اس پر پولیس اہلکاروں نے کہا نہیں۔ مجھے پولیس کے طریقہ کار کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔

اس کے علاوہ ڈی آئی جی حیدرآباد نے منشیات فروشی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پورے ڈویژن میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں