لیپ ٹاپ کے کیمرے کو ہمیشہ ڈھانپ کر رکھیں، اسد بیگ


اسلام آباد: ڈیجٹل رائٹس ایکسپرٹ اسد بیگ نے کہا ہے کہ اپنے لیپ ٹاپ کے کیمرے کو ہمیشہ ڈھانپ کر رکھنا چاہیے کیونکہ اس کو خفیہ مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “صبح سے آگے” میں میزبان شفا یوسفزئی اور اویس منگل والا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ کی ہسٹری کو ڈلیٹ کرنا بھی ضروری ہے۔ لوگ ان چیزوں کی اہمیت سے واقف نہیں ہیں لیکن ان احتیاطی تدابیر کو اپنانے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔

سوشل میڈیا پر ذاتی ڈیٹا شیئر کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر یا ذاتی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں کیونکہ ان کوخفیہ مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سماجی رابطے کی ویب سائیٹس جیسا کہ فیس بک اور ٹوئٹر کا ٹریک ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں ہے۔ ان کے نیٹ ورکس نہ صرف ہیک ہوتے رہے ہیں بلکہ یہ خود بھی اپنا ڈیٹا  فراہم کرتے رہے ہیں۔ ان اداروں کے پاس پوری دنیا کے لوگوں کا ڈیٹا موجود ہے، خطرے کی بات یہ ہے کہ اس ڈیٹا کو خفیہ مقاصد کے لیے استعمال کیے جانے کے امکانات ہپں۔

حالیہ دنوں کے مقبول ترین ٹرینڈ دس سالہ چیلنج (ٹین ایئر چیلنج) کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کسی کی بھی پچھلے دس سالوں کی تصاویر کو ڈھونڈنا خاصا مشکل کام ہے لیکن دس سالہ چیلنج نے ڈیٹا چوری کرنے والوں کا یہ کام بھی آسان کر دیا ہے۔ اس چیلنج کے ذریعے ہم خود اپنی دس سال پرانی تصویریں لوگوں کو فراہم کر دیتے ہیں جو کہ خفیہ مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اکثر ہم کسی برینڈ یا پراڈکٹ کی بات کرتے ہیں اور اگلے دن وہی چیز ہمیں فیس بک کے اشتہارات میں نظر آنے لگ جاتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ فیس بک کا آرٹیفیشل انٹیلیجنس انجن (اے آئی) بالکل اسی طرح سوچتا ہے جس طرح فیس بک استعمال کرنے والا انسان سوچ رہا ہوتا ہے۔ ان گنت ڈیٹا کی موجودگی کی وجہ سے اے آئی انجن انسان کو اتنا زیادہ جان چکا ہوتا ہے کہ انسان کے کچھ سوچنے کے ایک دن بعد یہ بھی اس کی سوچ تک پہنچ جاتا ہے۔

اسد بیگ کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں لوگ ابھی ٹیکنالوجی سے پوری طرح واقف نہیں ہیں بلکہ اسے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فکر اس بات کا ہے کہ کہیں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہت دیر نہ ہو جائے لہٰذا ہمیں ابھی سے بہت زیادہ محتاط ہو کر چلنے کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں