پیراگون اسکینڈل کے وعدہ معاف گواہ قیصرامین بٹ ضمانت پر رہا

پیراگون اسکینڈل کے وعدہ معاف گواہ قیصرامین بٹ ضمانت پر رہا | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


لاہور: پیراگون اسکینڈل میں وعدہ معاف گواہ  قیصر امین بٹ کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے جسٹس ملک شہزاد کی سربراہی میں قیصرامین بٹ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ قیصر امین بٹ پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔

وکیل نے کہا کہ چیئرمین نیب نے بھی معافی دے دی ہے اور نیب قانون کے مطابق چیئرمین نیب کی معافی کے بعد درخواست گزار کو رہا کیا جاسکتا ہے۔

نیب پراسکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ قیصر امین بٹ پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں اور ملزم کی ضمانت منظور ہونے پر نیب کو کوئی اعتراض نہیں۔

وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی اور استدعا کی کہ قیصر امین بٹ کہیں فرارنہیں ہوں گے، ہر قسم کی ضمانت دینے کیلئے تیار ہیں، جیل سے رہاکرنے کا حکم دیا جائے۔ ہائی کورٹ نے دس لاکھ کے مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) نے پیرا گون سٹی کے ڈائریکٹر اور مسلم لیگ(ن) کے سابق ایم پی اے قیصر امین بٹ کو نومبر 2018 میں گرفتار کیا تھا جبکہ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف نیب میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں