وزیرخزانہ موجودہ حکومت کو ڈبوئے گا، رہنما پی پی


لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا افضل نے کہا کہ حکومت نے گھروں کی تعمیر کیلئے ڈاؤن پیمنٹ پانچ لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ کردی ہے، حکومت کو وہ وعدے نہیں کرنے چاہیں جو پورے نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے جب حکومت چھوڑی تو پانچ ماہ تک آپ کو کسی سے قرضہ نہیں لینا پڑا اور آپ کو کیا چاہیے۔

رانا افضل نے کہا کہ جتنے برے حالات میں ہمیں حکومت ملی پی ٹی آئی کو ان حالات کا سامنا کرنا نہیں پڑا ہم نے خزانے میں اتنا پیسہ چھوڑا کہ ملک چھ ماہ تک بلا قرضے کے چلتا رہا۔

پولیس اصلاحات کے سوال پر رانا افضل نے کہا کہ سب سے بڑی روکاٹ سینئر پولیس افسر ہیں ان کے تبادلے نہیں ہوتے۔

جہانگیرترین کے بیٹے نے کرکٹ کی فرنچائز لی تو فرنچائزز پر ٹیکس فری کردیا اس سوال کے جواب میں پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا کچھ عرصہ بعد حکومت ایک اور بجٹ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس وزیرخزانہ پر موجودہ حکومت کو فخر ہے وہی ان کے گلے پڑے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موجودہ وزیرخزانہ نے بھی وہی کیا جو اسحاق ڈار کرتے تھے یہی وزیرخزانہ موجودہ حکومت کو ڈبوئے گا۔

پی ٹی آئی ندیم افضل چن نے کہا کہ اس ملک میں شوگر مافیا اور ہاؤسنگ مافیا کو سابقہ حکومتوں نے بنایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیرخزانہ پلانٹڈ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم میں بیرون ملک سے سرمایا کاری آنے کو تیار ہے لیکن بیوروکریسی کے مسائل بہت ہیں لیکن حکومت پچاس لاکھ گھر ضرور بنائے گی۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ پانچ مرحلے میں پچیس پچیس لوگ رہائش پذیر ہیں۔ سابقہ حکومت کوئی ایسا ادارہ چھوڑ کر نہیں گئی جس میں خسارہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مافیا کے جتنے بھی لوگ ہیں اور کام نہیں کریں گے انہیں گھر بھیجا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم کو بی آرٹی منصوبے پر تشویش ہے اور انہوں نے ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔

سانحہ ساہیوال پر سوال کے جواب میں ندیم افضل چن نے کہا کہ وزیراعظم پولیس میں اصطلاحات چاہتے ہیں اور وہ اس معاملے پر نظرثانی کر رہے ہیں.


متعلقہ خبریں