جعلی فیس بک پروفائل بنانے والے شخص کو 8 سال کی سزا

صارفین کو فیس بک، انسٹاگرام تک رسائی میں دشواری کا سامنا | ہم نیوز

پشاور: مقامی عدالت نے جعلی فیس بک پروفائل بنانے اور خواتین کی تصاویر اپ لوڈ کرنے کے جرم میں ایک شخص کو آٹھ سال کی سزا سنا دی۔

بدھ کے روز ایڈیشنل سیشن جج کلثوم بشیر نے ملزم احسن شیراز پر سائبر کرائم ایکٹ کے تحت جرم ثابت ہونے پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم کے خلاف درخواست گزار سعید محبوب نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو دی گئی درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ احسن شیراز نے سائبر کرائم کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔

بعد ازاں ایف آئی اے کی جانب سے اس کیس میں کی گئی تحقیقات اور ٹرائل کورٹ کی کارروائی کی روشنی میں سیشن کورٹ نے ملزم احسن شیراز کو 8 سال کی سزا بمعہ جرمانہ سنائی۔

خیال رہے ایف آئی اے نے ملزم احسن شیراز کو مارچ 2015 میں اپنی حراست میں لیا تھا ۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں ایف آئی اے کی جانب سے سائبر کرائم  کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی ضمن میں گزشتہ ماہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے آن لائن فراڈ میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کیا تھا جو 10 ہزار شہریوں کے ساتھ فراڈ میں ملوث تھے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم عبدالغفار نے بتایا کہ ملزم آن لائن مارکیٹنگ کے ذریعے شہریوں کو چونا لگاتے تھے۔

حکام کے مطابق سائبر کرائم سیل نے مختلف علاقوں سے ملزموں کو گرفتارکیا، تفتیش کے دوران 11 ہزار متاثرین کا کال ڈیٹا بھی ملزمان کے سامان سے برآمد ہوا۔

ڈپٹی ڈائریکٹرسائبر کرائم سرکل کے مطابق ملزم اب تک 10 ہزار سے زائد شہریوں کو لوٹ چکے ہیں، ملزم شہریوں سے 1.65 کروڑ ڈالر ہتھیا چکے ہیں۔

ملزموں کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز، الیکٹرانک کرنسی اکاؤنٹس، ڈیبیٹ کارڈز، غیر ملکی کرنسی اور سمز برآمدہوئی ہیں۔

عبدالغفار نے بتایا کہ کراچی سے آپریٹ ہونے والی ویب سائٹ اور ڈومین کی بھی نشاندہی ہوئی، ملزم اطالوی کمپنی کے نام پر شہریوں کو بے وقوف بناتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو جھانسہ دینے کیلئے جعلی ویب سائٹ بھی قائم کر رکھی تھی، ملزم ملٹی لیول مارکیٹ کے اصول پر شہریوں کو اس میں شامل کررہےتھے۔


متعلقہ خبریں