رمضان شوگرملز ریفرنس: 15 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت


لاہور: احساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں نیب کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف ریفرنس کی حتمی رپورٹ 15 دن میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ جیل انتظامیہ نے بھی احتساب عدالت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی راہداری ریمانڈ میں توسیع کی درخواست جمع کرادی۔

ہم نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن بخاری نے کیس کی سماعت کی۔

نیب پراسیکیویٹر وارث علی جنجوعہ اور شہباز شریف کے وکیل امجد پرویزایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ رمضان شوگر ملز میں پبلک فنڈز کے استعمال کے معاملے پر ریفرنس چئیرمین نیب کو منظوری کے لئے بھجوایا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے گزارش کی کہ توقع ہے کہ آئندہ سماعت تک شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر ملز کا ریفرنس دائر کردیں گے۔

اس موقع پر عدالت کے استفسار پرسابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوئے ہیں۔

کوٹ لکھپت جیل حکام کی جانب سے اس موقع پر شہباز شریف کے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جاری کیے گئے پروڈکشن آرڈرز بھی عدالت میں پیش کئے گئے۔

احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس سے متعلق رپورٹ آئندہ 15 روز میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت سات فروری تک ملتوی کردی۔

احتساب عدالت میں شہباز شریف کی پیشی سے متعلق ایک اور راہداری ریمانڈ کی درخواست جمع کرادی گئی ہے۔ جیل انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی وجہ سے احتساب عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ہیں اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ وہ راہداری ریمانڈ میں مزید توسیع کردے۔

ہم نیوز کے مطابق نیب پراسیکیوٹر کے تحت سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر رمضان شوگر ملز کے لئے سرکاری خزانے سے نالہ و پل بنانے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں۔


متعلقہ خبریں