لاہور ہائیکورٹ کا خوراک کمیٹی تشکیل دینے کا حکم جاری


لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے تقریبات کے بعد کھانے کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے خوراک کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔

جمعرات کے روز جسٹس جواد حسن نے بیرسٹر محمد احمد کی درخواست پر کیس کی سماعت کی۔

درخواست میں وفاقی حکومت، وفاقی سیکرٹری فوڈ، پنجاب فوڈ اتھارٹی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ کھانے کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے کوئی قانون سازی نہیں ہے، عالمی سطح پر یہ قانون موجود ہے مگر بدقسمتی سے پاکستان میں ایسا کوئی قانون نہیں بنایا گیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات پر گھروں میں اضافی کھانا ضائع ہوتا ہے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ وہ کھانے کو بچانے کے لیے موثر قانون سازی کا حکم دے۔

فاضل عدالت نے وفاقی حکومت اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سمیت دیگر فریقین سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔


متعلقہ خبریں