اپوزیشن نے نعیم الحق کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا اعلان کردیا

ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور جے یو آئی بتائیں کن نشستوں پر دھاندلی ہوئی؟ ری پولنگ کرادیں گے، خورشید شاہ

اسلام آباد: اپوزیشن نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ  سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ نعیم الحق کے ٹوئٹ نے اسپیکر کے استحقاق کو مجروح کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق نے اسپیکر، اپوزیشن اور پارلیمنٹ کو دھمکایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعیم الحق پارلیمنٹ کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی اپنی حکومت میں کیا پوزیشن ہے ؟ یہ معلوم نہیں ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کے متعلق انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے جیل میں ہیں، ان کی طبعیت ناساز ہے لہٰذا حکومت کو فوری طور پر ان کی صحت سے متعلق امور کو دیکھنا چاہیے۔

قومی اسمبلی کے سابق قائد حزب اختلا ف سید خورشید احمد شاہ نے مطالبہ کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے اور ساتھ ہی خبردار کیا کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

پی پی پی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے کہا کہ طے شدہ پروگرام کے تحت ایوان میں بحث ہونا تھی لیکن اچانک اجلاس کو ملتوی کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اچانک اجلاس کو ملتوی کردینا آئندہ اجلاس کے لیے مسائل پیدا کرے گا۔

ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں بجٹ پر کیے جانے والے احتجاج میں پی ٹی آئی ہمارے ساتھ ہوتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ پر پاکستان تحریک انصاف کا بطور اپوزیشن جماعت رویہ آپ اس وقت کی تصاویر میں دیکھ سکتے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز اپوزیشن نے صرف اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تیسری بار بجٹ پیش ہوا تھا۔

سابق وفاقی وزیر اور پی پی پی کے رہنما نے خبردار کیا کہ حکومت اگر صبر کا دامن چھوڑے گی تو وہ حکومت کے لئے بہتر نہیں ہوگا۔


متعلقہ خبریں