خاشقجی قتل، تحقیقات کی سربراہی اقوام متحدہ کی نمائندہ کریں گی

فائل:فوٹو


جنیوا: ترکی میں سعودی قونصل خانے میں قتل ہونے والے سعودی صحافی کے قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ کے سزائے موت سے متعلق ادارے کی ترجمان کریں گی۔

اقوام متحدہ کی ماروائے قانون قتل اور آمرانہ سزاؤں سے متعلق کمیٹی کی ترجمان اگینس کالامارد نے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے ترکی جائیں گی جہاں سعودی سفارت خانے میں قتل ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق عالمی انکوائری کی سربراہی کریں گی۔

رائٹرزکو اپنے بیان میں اگینس کالامارد نے کہا ہے کہ جنوری اور فروری کے دوران ترکی کے تین دوروں میں وہ قتل کی تحقیقات کے لیے حکومتوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیں گی۔

اگینس کالامارد کی تحقیقات اور سفارشات کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے جون 2019 میں ہونے والے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ترک وزیرخارجہ نے آج ہی ایک انٹرویو میں یہ کہا تھا کہ جمال خاشقجی کی عالمی سطح پر تحقیقات کا وقت آگیا ہے، ترک صدر رجب طیب اردون نے اس سلسلے میں اپنی تیاریاں پوری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

جمال خاشقجی کو دو اکتوبر 2018 کو ترکی میں واقع سعودی عرب کے سفارت خانے میں اس وقت قتل کردیا گیا تھا جب وہ اپنی دستاویزات کے سلسلے میں وہاں گئے تھے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے لیے کام کرنے والے جمال خاشقجی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں کے ناقد تھے اوراسی سلسلے میں انہوں نے سعودی عرب سے امریکہ میں خود ساختہ جلاوطنی اختیارکررکھی تھی۔

 


متعلقہ خبریں