پاک بحریہ کے سربراہ کی اُردن کے رائل نیول اور ایئر فورس کے سربراہان سے ملاقات


عمان/ اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اُردن میں اُردن کے رائل نیول فورس اور رائل ایئر فورس کے سربراہان سے ملاقاتیں کی ہیں۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور بشمول دفاعی وبحری اشتراک کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے اور سربراہ پاک بحریہ کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کردار پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی اور بحری قزاقی کی بیخ کنی میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

نیول چیف کی جانب سے بحری امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں سربراہ پاک بحریہ نے پاکستان نیوی کی میزبانی میں فروری 2019 کومنعقد ہونے والی کثیرالملکی میری ٹائم مشق ”امن 2019“ کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تکنیکی افرادی قوت وپیشہ ورانہ مہارتوں کی فراہمی اور تربیت کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق اُردن کی رائل نیول فورس اور رائل ایئر فورس کے سربراہان نے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔


متعلقہ خبریں