پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو اختیارات منتقلی کیلئے درخواست دائر

پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو اختیارات منتقلی کیلئے درخواست دائر | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


لاہور: پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو اختیارات کی منتقلی کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

میئر لاھور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے آئینی درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سابقہ پنجاب حکومت بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کو اختیارات منتقل کررہی تھی لیکن پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد صورتحال تبدیل ہوگئی ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں جن میں سے اکثر کا تعلق ن لیگ سے ہے کہ خلاف مہم شروع کردی گئی ہے اور صوبائی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 140 کے تحت اختیارات دینے کی بجائے مداخلت  شروع کر دی ہے۔

عدالت عظمیٰ کو بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت بلدیاتی اداروں کے افسران کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے اور افسران نے صوبائی حکومت کے رویے کے خلاف ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں۔

درخواست گزار نے اپیل کی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140 کے تحت بلدیاتی اداروں کو اختیارات استعمال کرنے کے لئے بااختیار بنایا جائے،  پنجاب حکومت اور ضلعی سطح پر موجود سول ایڈمنسٹریشن کو اختیارات میں مداخلت سے روکا جائے۔

سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے میونسپل کارپوریشن کے کام میں اداروں کی مداخلت کو روکا جائے اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بھی اختیارات کے بے جا استعمال سے منع کیا جائے۔


متعلقہ خبریں