اپنی شکایت اسپیکر چیمبر میں پیش کردی، شاہد خاقان


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نعیم الحق نے تین ٹوئٹ کیے جس میں اپوزیشن کودھمکی دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق نے اپوزیشن کواسمبلی میں نہ آنے دینے کی دھمکی دی۔ ہم نے یہ معاملہ اسپیکرکے سامنے رکھنا تھا لیکن اجازت نہیں ملی اور اسپیکر کی جانب سے اچانک اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنی شکایت اسپیکر چیمبر میں جاکر پیش کردی ہے۔ اسپیکر سےکہا ہے کہ آپ ہاؤس کے کسٹوڈین ہیں لہٰذ آپ کو سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس معاملہ کو دیکھیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نعیم الحق نے وزیراعظم کے کہنے پر ٹویٹ کی ہے۔ دراصل ٹوئٹ کرنے والے کی اپنی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ اگر یہ دھمکیاں دیں گے تو ہم بھی تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پارلیمنٹ کا احترام نہیں کر رہی۔ انہوں نے پارلیمنٹ پر حملہ بھی کیا۔ ہم یہ نہیں چاہتے کہ پارلیمنٹ کا مذاق بنے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی گالی دے کر مشہور ہونے کی پرانی روایت ہے۔ یہ لوگ گالی دے کر نمبر بناتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے پانچ سال تحریک انصاف نے اسمبلی کے اندر اور باہر جو کیا وہ سب کو معلوم ہے۔

رہنما (ن) لیگ نے بتایا کہ جب سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجٹ پیش کیا تو ان کا مائیک چھین لیا گیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سسٹم کام کرے لیکن اگرانہوں نے یہی حال رکھنا ہے تو ہم بھی تیار ہیں۔


متعلقہ خبریں