’پارلیمنٹ اجلاس کا یومیہ خرچ ایک کروڑ سے زائد‘


اسلام آباد: صدر پیلڈیٹ احمد بلال محبوب نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی  کے ایک اجلاس پر ایک کروڑ روپے کے اخراجات آتے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہونا تو یہی چاہیئے کہ حکومت اور اپوزیشن تحمل کے ساتھ قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی کرے تاہم الیکشن سے قبل پارٹیز کے آپس میں سخت اختلافات کے باعث ایسا ممکن نہیں لگتا۔

احمد بلال نے کہا کہ اسپیکر ہمیشہ افہام و تفہیم سے کام چلاتے ہیں مگر اس میں زیادہ کوشش حکومت کو کرنی چاہیئے کہ وہ معاملات کو احسن طریقے سے چلائے اور اپوزیشن کی باتوں کا طریقے سے جواب دے۔

وزیر اعظم کو وزرا پر پارلیمنٹ میں حاضری سے متعلق سختی کرنی چاہئے، وسیم سجاد 

سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد نے کہا ہے کہ الیکشن کمپئن کی شروعات سے پارٹیز کا آپس میں رویہ انتہائی خراب تھا ،دونوں جانب سے اس وقت سخت باتیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو تحمل مزاجی کے ساتھ چلنے کی ضرورت ہے، اپوزیشن کا کام ہے کہ وہ اختلاف کرے۔

وسیم سجاد نے کہا اسپیکر غیر جانبدار ہوتا ہے اور اس کی صوابدید میں ہے کہ کس کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے ہیں یا نہیں تاہم کسی حکومتی ممبر کا اسپیکر کے صوابدید کے حوالے سے یہ تاثر دینا کہ وہ ان کے اثر میں ہیں غلط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو وزرا پر سختی کرنی چاہئے تاکہ وہ قومی اسمبلی و سینیٹ کے اجلاس میں حاضری ممکن بنائیں مگر جب تک وزیر اعظم خود پابندی سے ایوانوں میں آئے تو اس سے بہت فرق پڑے گا اور وزرا بھی اجلاس میں حاضری دیں گے۔

ہمارے رویے جمہوری نہیں ہیں، قمر زمان کائرہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہمارے رویے جمہوری نہیں ہیں، ہر مہذب قوموں میں پارٹیوں کے مابین اختلاف ہوتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے لیڈران کی جانب سے ایک غیر مہذب رویہ رکھا گیا جس کا زیادہ اثر پاکستان کے نوجوانوں پر پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے وزرا میں مقابلہ ہوتا ہے کہ کس کا رویہ زیادہ سخت ہو گا ،حیرانگی کی بات ہے کہ اب اسد عمر کے رویے میں بھی سختی جھلک رہی ہے۔

پاکستان سیاحت کے لحاظ سے ایک آئیڈیل ملک ہے، عاطف خان 

سینئر وزیر خیبر پختونخوا عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحت کے لحاظ سے ایک آئیڈیل ملک ہے اس بات کا ادراک کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سیاحت کی پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا سیاحت کے لئے سب سے بڑا مسئلہ ویزہ کا تھا ،ویزہ کی آسانی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا 100 سے زائد ممالک کے لئے ویزہ آن ارئیول میں سہولت فراہم کریں گے۔ہمارے پاس دنیا کو دکھانے کے لئے بہت سے علاقے ہیں۔


متعلقہ خبریں