نواز شریف کے معائنے کیلئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس نامکمل ہونے کا انکشاف

فوٹو: فائل


لاہور: میاں نواز شریف کی ناساز طبعیت کے حوالے سے محکمہ داخلہ نے سابق وزیراعظم کے طبی معائنے کیلئے نیامیڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔

ہم نیوز کے مطابق میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر حامد، ڈاکٹر طلحہ بن نذیر، ڈاکٹر شاہد حمید، ڈاکٹر عبدالحمید صدیقی، ڈاکٹر سجاد احمد سمیت دیگر ماہرین شامل ہیں۔

محکمہ صحت کو میڈیکل بورڈ کے متعلق مراسلہ ارسال کیا گیا تھا، اس میں ماہرین امراضِ قلب اور دیگر طبی ماہرین شامل ہیں۔

نئے میڈیکل بورڈ کا فیصلہ نواز شریف کی صحت کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ نواز کے تاحیات قائد کو منگل کے روز طبیعت کی ناسازی کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

کوٹ لکھپت جیل حکام سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پی آئی سی اسپتال لے کر پہنچے جہاں اُن کا عارضہ قلب کے حوالے سے ڈاکٹرز کا بورڈ پروفیسر شاہد حمید کی سربراہی میں طبی معائنہ کیا اور نواز شریف کا تھلیم اسکین ٹیسٹ بھی کیا گیا۔

طبی معائنے کے بعد نواز شریف کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے دل کا سائز معمول سے بڑھا ہوا ہے جب کہ اُن کی ایکو رپورٹ بھی نارمل نہیں آئی ہے۔ جس میں نوازشریف کے دل کے پٹھوں کی تہہ معمول سے زیادہ پھول گئی ہے اور اُن کے دل کا ایک والو معمول سے تنگ ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں جرم ثابت ہونے پر سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنا رکھی ہے اور وہ کوٹ لکھپت جیل میں اپنی سزا کاٹ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں