بنگلہ دیش کا پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر کو قبول کرنے سے انکار


اسلام آباد: بنگلہ دیش نے پاکستان کی جانب سے نامزد ہائی کمشنر کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ بنگلہ دیش کی حکومت نے پاکستان سے ہائی کمشنر کے منصب کے لیے نیا نام مانگ لیا ہے۔

ہم نیوز نے وزارت خارجہ کے ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ پاکستان کی جانب سے دفتر خارجہ میں تعینات ڈی جی سیدہ ثقلین کوگزشتہ سال مارچ میں ہائی کمشنر کے منصب کے لیے نامزد کیا تھا۔

بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر رفیع الزماں صدیقی گزشتہ سال فروری میں ریٹائر ہوگئے تھے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے ڈھاکہ میں پاکستان کے ہائی کمشنرکا عہدہ خالی ہے۔

ہم نیوز نے سفارتی ذرائع سے بتایا ہے کہ بنگلہ دیش کی حکومت نے نام مسترد کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے۔

اکتوبر 2018 میں یہ خبر عالمی ذرائع ابلاغ میں شائع ہوئی تھی کہ پاکستان کی جانب سے 26 جنوری کو نئے ہائی کمشنر کے ایگریما کے لیے درخواست دی گئی تھی لیکن کئی ماہ گزرنے پر بھی ایگریما نہیں دیا گیا اور نہ  کوئی جواب دیا گیا ہے۔

سفارتی قواعد و ضوابط کے مطابق صرف چھ ہفتوں میں ایگریما دینا ہوتا ہے وگرنہ اس کی وجہ بتانی ہوتی ہے۔ پاکستان نہ ایگریما نہ دینے پر تین مرتبہ بنگلہ دیشی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو بھی طلب کیا گیا مگر کوئی پیشرفت سامنے نہیں آسکی۔

اکتوبر و نومبر میں یہ خبر بھی منظر عام پر آئی تھی کہ پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دفتر خارجہ کی سفارش پر وزیراعظم عمران خان کو سمری پیش کی تھی کہ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کو پاکستان سے نکال دیا جائے۔ حتمی فیصلہ کرنے کے مجاز وزیراعظم ہیں۔


متعلقہ خبریں