ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے، خورشید شاہ

فوٹو: فائل


سکھر: پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں حکومت اپنی مدت پوری کرے لیکن حکومتی وزرا کے رویے کی وجہ سے یہ مشکل لگ رہا ہے۔

خورشید شاہ نے سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بیان کو لوگوں ںے غلط سمجھ لیا، انہوں نے 50 لاکھ گھر تعمیر کر کے دینے کی نہیں بلکہ گرانے کی بات کی تھی۔

انہوں ںے کہا کہ ملک کے اندر موجودہ سیاسی صورتحال بہتر نہیں ہے اور حکومتی وزرا کا اپوزیشن کے ساتھ رویہ درست نہیں۔ اگر اپوزیشن لیڈر اسمبلی میں نہیں آئے گا تو وزرا بھی نہیں آسکیں گے۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ عمران خان قرض لینے کے بجائے خود کشی کرنے کو ترجیح دیتے تھے لیکن آج قرضہ آ رہا ہے تو شامیانے بجائے جا رہے ہیں جب کہ جو قرضہ لیا جا رہا ہے اُسے ہاتھ بھی نہیں لگایا جا سکتا کیونکہ یہ پیسہ صرف ذخائر میں رکھنے کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنی گالہ کے ریگیولائزیشن ہونے پر ہمیں اعتراض نہیں اور بنی گالا اس لئے ریگولرائز ہوا کیونکہ وہاں وزیراعظم رہتے ہیں لیکن یہاں وزیراعظم کے گھر کو بچایا جا رہا ہے جب کہ غریبوں کے گھر گرائے جا رہے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان اب بھی کنٹینر سے باہر نہیں نکل رہے وہ اب بھی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں کیونکہ انہیں سیاست نہیں آتی ہے۔ عام انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جو باتیں کیں حکومت میں آنے کے بعد اس کے الٹ کیا جا رہا ہے۔

انہوں ںے اسد عمر کی آئندہ انتخابات میں الیکشن نہ خریدنے کی بات پر کہا کہ اسد عمر نے آرمی چیف پر براہ راست الزام عائد کر دیا ہے اور اگر اسد عمر کی بات درست ہے تو آرمی چیف کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔


متعلقہ خبریں