عمران خان 2020 میں وزیراعظم نہیں رہیں گے، منظور وسان کا خواب

فوٹو: فائل


خیرپور: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما منظور حسین وسان نے دعویٰ کیا ہے کہ 2020 میں عمران خان وزیراعظم نہیں رہیں گے اور وہ سال ان کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سابق صوبائی وزیر نے یہ دعویٰ نیا خواب دیکھ کر کیا ہے۔ انہوں نے اپنے خواب کا ذکر وسان ہاؤس میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

سیاسی خواب دیکھ کر سیاسی پیشن گوئیاں کرنے کے حوالے سے شہرت یافتہ منظور حسین وسان نے کہا کہ 2020 میں عمران خان کے ساتھ جو اتحاد ہے وہ ٹوٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد ٹوٹنے کے بعد اسی میں سے ایک اور وزیر اعظم منتخب ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق پی پی پی سے تعلق رکھنے والے منظور حسین وسان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہوسکتا ہے کہ آنے والا وزیر اعظم پی ٹی آئی سے ہو اور یا یہ بھی ممکن ہے کہ کسی اور پارٹی سے ہو۔

منظور حسین وسان نے کہا کہ آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کی ملاقات ہوگی، اب یہ جیل میں ہو اور یا جیل سے باہر ہو مگر ملاقات ضرور ہوگی۔

سابق صوبائی وزیرنے کہا کہ احتساب ہو تو سب کا ہو مگرایسا نہ ہو کہ کسی کو انکوائری کے درمیان ہی گرفتار کرلیا جائے اور کسی کا ریفرنس داخل ہو تو بھی گرفتاری نہ ہو۔ انہوں نے مساویانہ سلوک پر زور دیا۔

موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برسراقتدار آنے سے قبل دعوے تھے کہ گھرتعمیر کریں گے اور روزگار دیں گے مگر کر سب کچھ الٹا کر رہے ہیں۔

انہوں نے استفسار کیا کہ گھر نہ گرانے اور روزگار نہ چھیننے کے وعدے کہاں گئے؟

پی پی پی کے رہنما نے کہا کہ سی ٹی ڈی، سی آئی اے، پولیس اور کچھ دیگر کے متعلق عمران خان کو ابھی معلوم ہوا ہے کہ وہ پاورفل ہیں اوران کو جلد ہاتھ لگانے سے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔

منظور حسین وسان نے واضح کیا کہ اب گڑھوں سے کام نہیں چلے گا۔


متعلقہ خبریں