عمران خان کی چیخ و پکار بھٹو کے زندہ ہونے کی گواہی ہے، پی پی

مہنگائی کے خلاف احتجاج کو بڑھائیں گے، عوام سڑکوں پر آئیں گے: نیر بخاری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نیر حسین بخاری اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر شدید ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران کا خوف اور ان کی چیخ و پکار اس بات کی گواہ ہے کہ بھٹو آج بھی زندہ ہے۔

پی پی پی کے مرکزی رہنماؤں نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں وزیراعظم کو سخت نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی میراث کے وارث بلاول بھٹو مخالفین کے اعصاب پر سوار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے یونیورسٹی میں خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونی ورسٹی کے طلبا کو ادھوری تاریخ سے آگاہ کرنا جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونی ورسٹی کے اساتذ ہ اور طلبا میں نفرت پھیلانا جہالت کی نشانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ایوب خان کا راج ختم کیا جس کے سب سے بڑے پرستار عمران خان خود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر حملہ کرنے کے لیے شہید بھٹو نے جنگی جہاز بھیجے اور ایوب خان کی ترجیحات کے برعکس سوویت یونین سے تعلقات استوار کیے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نیر حسین بخاری اور پی پی پی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان اگر وزیراعظم ہیں تو یہ شہید بھٹو کی جمہوریت کا تسلسل ہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی تاریخ سے نابلد وزیراعظم پاکستانیوں کے ساتھ مذاق ہے۔

انہوں نے فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کو بچانے والے عمران خان 22 خاندانوں کے سلسلے کے وارث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو عالمی مدبر، سیاستدان اورعوامی رہنما تھے۔

پی پی پی رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ قائد عوام کی قومی، سیاسی اور عوامی خدمات تاریخ پاکستان کا سنہرا باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کے کارنامے تا ابد مخالفین کی نیندیں حرام کئے رکھیں گے۔

نیر حسین بخاری اور ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ ملک و ملت کے لیے دن رات ایک کرنے اور اپنی زندگی قربان کرنے والے قومی ہیروز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی مفت فراہمی اور طلبا کو یونین سازی کا حق دینے والے ذوالفقار علی بھٹو کے طلبا بھی معترف ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو سخت نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آمریت کے خلاف طلبا تحریک کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ آمریت پرستوں کا خوف بھـٹو کے زندہ ہونے کی گواہی ہے۔


متعلقہ خبریں