“عثمان بزدارکی ابتدائی کارکردگی غیرمتاثرکن قرار”



اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی اب تک کی کارکردگی کو غیرمتاثرکن قراردے دیا ہے۔

پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمرعباس سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹرجاویدعباسی نے کہا کہ عثمان بزدار بطور وزیراعلی اپنی حیثیت منوانے میں ناکام رہے ہیں، عمران خان کو اس لیے وضاحت کی ضرورت پڑتی ہے کہ اس معاملے پر پارٹی کے اندر سے بھی دباو آتا ہے۔

سانحہ ساہیوال پرپنجاب حکومت نے جس طرح بیانات بدلے اور جو رویہ اپنایا وہ اچھا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں قوانین موجود ہیں لیکن ان پر عمل نہیں ہوتا، حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ملک میں ہونے والے غیرقانونی کاموں کو روکے۔

رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک بل بھی پیش نہیں کیا۔ اپوزیشن ہمیشہ تنقید کرتی ہے، حکومت کا کام کارروائی ہوتا ہے بیانات دینا نہیں۔

عثمان بزدارابتدائی کارکردگی سے متاثرنہیں کرسکے،قمرزمان کائرہ

پیپلزپارٹی کے رہنماقمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے پاس تجربہ نہیں ہے، شہبازشریف سے ان کا مقابلہ نہیں بنتا،جو ان سے توقعات تھیں وہ اس پر پورے نہیں اتر سکے ہیں۔ موجودہ وزیر قبضے کررہے ہیں، یہ وزیراعلی کے لیے ٹیسٹ کیس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گورننس پرتنقید یا حمایت کے لیے چند ماہ ناکافی ہیں، چھ ماہ حکومت کی کارکردگی کا جواب عام آدمی سے ملے گا۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ کرپشن اداروں سے ختم نہیں ہوگی بلکہ اس کے لیے معاشرے کو مزاحمت کرنی ہوگی۔ سیاسی جماعتوں کو احتساب کے لیے کھڑا ہونا ہوگا تب سماج بہتر ہوگا۔ جمہوریت کے اندرقانون سازی کے ساتھ عوامی دباو بھی ضروری ہے۔

ملک میں کرپشن کا خاتمہ کرنا آسان نہیں ہے،شاندانہ گلزار 

تحریک انصاف کی رہنما شاندانہ گلزارنے کہا کہ اپوزیشن جب سخت باتیں کرے گی تو حکومت نے جواب دینا ہوتا ہے۔ ایوان کو چلانا صرف حکومت کی نہیں بلکہ اپوزیشن کی بھی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلی دفعہ سوچ سمجھ کر پیسے استعمال کرنے کی بات ہورہی ہے، ہمیں گورننس میں سب سے زیادہ مسئلہ یہ آیا ہے کہ معیشت کو بحال کرنا تھا۔

شاندانہ گلزار نے کہا کہ ملک میں کرپشن کا خاتمہ کرنا آسان نہیں ہے، جن لوگوں کو اس سے فائدہ ہورہا ہے وہ اس کے خلاف ضرور مزاحمت کریں گے۔ ملک میں مسائل کے حل کے لیے نشاندہی بحث سے ہی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن قائم ہوتا ہے تو پاکستان کے لیے انتہائی اچھا ہے، پورے خطے کے لیے راستے کھلیں گے۔

اگراصلاحات نہ ہوئیں توعثمان بزدارناکام ہوں گے، اعجازاعوان

میجرجنرل (ر) اعجازاعوان نے کہا کہ پاکستان کی بدقمستی ہے کہ سب نوکری پرآکرسیکھتے ہیں، جب نوازشریف او شہبازشریف آئے تب ان کے پاس کیا تجربہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبے میں کام نہیں ہورہا تو وزیراعلی کی کارکردگی بری ہے، شہبازشریف، پرویزالہی کے مقابلے میں عثمان بزدارکم تجربہ کاراور سادہ لوح ہیں۔ اگر ملکی نظام میں اصلاحات نہیں ہوئی ہیں تو تمام حکمران اس کے ذمہ دار ہیں۔

اعجازاعوان نے کہا کہ امریکہ کا افغانستان سے نکلنا پاکستان کی خوش قسمتی ہے،افغانستان میں امن قائم نہ ہوا تو پاکستان کو بہت نقصان ہوگا۔

 

 

 

 

 

 


متعلقہ خبریں