اسمال ٹریڈرز اسکیم کو پورے ملک میں پھیلائیں گے، اسد عمر


لاہور: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ اسمال ٹریڈرز اسکیم کو پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ تجارت کا خسارہ کم کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے فیڈرل آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) میں تاجروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے جب کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد زراعت اور صنعت میں صوبوں کا کردار بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک میں اسپیشل اکنامک زونز کا بنیادی کردار ہے اور اکنامک زونز کروباری حضرات کو چلانے چاہیں جب کہ اکنامک کوآرڈیشن کمیٹی میں ایس ای زیز ایجنڈے میں شامل کی گئی ہے۔ آڈٹ کا ایک نظام ہے اور یہ ہونا بھی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے خواتین اکنامک زونز کو اچھا آئیڈیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر بھی جلد کام کریں گے جب کہ فنانس بل میں 51 فیصد خواتین کے لیے بھی رکھا گیا تھا۔

ملک میں لوڈشیڈنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاہم اسلام آباد میں نیٹ میٹرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کا طریقہ آسان کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور سال 2019 کے ٹیکس ریٹرن کو آسان بنایا جائے گا جب کہ فروری میں ٹاپ ٹیکس ریٹرنز کو تقریب میں سراہا جائے گا۔

انہوں ںے کہا کہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کپاس ہے لیکن حیران کن طور پر سال 2018 میں کپاس کی فصل سال 1992 سے کم ہے۔


متعلقہ خبریں