جنوبی پنجاب میں تمام محکموں کے دفاتر بنائیں گے، جہانگیر ترین


ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ بیت المال کی طرح دیگر محکموں کے بھی جنوبی پنجاب میں دفاتر بنائیں گے۔ جنوبی سیکرٹریٹ کے قیام میں  بے جا تاخیر نہیں ہونی چاہیئے، اس حوالے سے ہمیں جلد فیصلہ کرنا ہوگا۔

بیت المال جنوبی پنجاب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو اجاگر کررہے ہیں۔  جنوبی پنجاب سے اچھے خاصے لوگ اسمبلیوں میں پہنچتے ہیں۔

انہوں نے کہا پہلے تخت لاہور والے بہت مضبوط تھے لیکن جنوبی پنجاب کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کےحالات سب کے سامنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان جیسے علاقے سے عوام نے زرتاج گل کو کامیاب کرایا۔ اس علاقے سے خاتون کا منتخب ہونا حیران کن تھا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام اراکین مل بیٹھ کر فیصلہ کریں کہ ہمیں عمران خان کا ہاتھ بٹانا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شاہ محمود اور میں ایک پارٹی میں ہیں، ہمارے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ بہت جلد میں اور شاہ محمود ایک ساتھ بھی نظر آئیں گے۔


متعلقہ خبریں