پاکستان کے بالائی علاقوں میں رواں ہفتے بارشوں کا امکان

فائل فوٹو


پشاور: خیبرپختونخوا کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے رواں ہفتے بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ صوبے میں داخل ہوگا لہذا تمام متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات کیلئے مطلع کیا جاتا ہے۔

انچارج پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ منگل کی شب صوبے میں داخل ہوگا اور جمعرات تک صوبے کے مختلف علاقے اس کی لپیٹ میں رہیں گے۔

نوٹس کے مطابق مالاکنڈ، ہزراہ، کوہاٹ، پشاور، مردان ڈویژن میں بارشیں اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے زیریں علاقوں بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں بھی بارشیں متوقع ہیں جب کہ موسلا دھار بارشوں کے سبب مالاکنڈ اور ہزار ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے اپنے نوٹس میں متعلقہ اداروں کو کہا ہے کہ جانی اور مالی نقصان سے بچنے کیلئے قبل ازوقت حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں کو موسم کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا جائے، ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تمام مشینری اور افراد کی موجودگی یقینی بنائی جائے، ہنگامی حالات میں پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اورصدارتی ایمرجنسی آپریشن سنٹر(پی ای او سی) کوہیلپ 1700 پر مطلع کیا جائے اور تمام متعلقہ ادارے روڈز کی بحالی کو یقینی بنائیں۔


متعلقہ خبریں