آصف زرداری کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی جانب سے سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری کے خلاف دائر کی گئی نااہلی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست پر سماعت کی ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ سیاسی کیس عدالت میں کیوں لے آتے ہیں، آپ پہلے بھی ایک سیاسی کیس لائے تھے۔ رجسٹرار آفس کا اعتراض درست ہے، متعلقہ فورم الیکشن کمیشن ہے وہاں جائیں۔

عدالت نے بتایا کہ یہ سیاسی معاملات ہیں لہذا سیاسی فورمز پر ہی حل ہونے چاہئیں۔ درخواست گزار تحقیقات کے لیے انویسٹیگیشن ایجنسیز سے رابطہ کر سکتا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کا وقت ہے۔ پارلیمنٹ کو اس حوالے سے خصوصی کمیٹی بنانے دیں۔

عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس درخواست کو کسی صورت ترجیح نہیں دی جا سکتی، ہمارے پاس اور بہت مقدمات ہیں لہذا اس حوالے سے  متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے۔

درخوست میں بتایا گیا ہے کہ آصف زرداری نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے تھے جس کے بعد وہ صادق اور آمین نہیں رہے۔

درخواست گزارکی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ آصف علی زرداری کو آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت نا اہل قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے آصف زرداری کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی جس کے بعد سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے اعتراض لگا کر انہیں مناسب فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس سے قبل  پی ٹی آئی کی جانب سے 20 دسمبر 2018 کو سابق صدر پاکستان کے خلاف نااہلی کی درخواست الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں جمع کرائی گئی تھی۔ جسے دس جنوری کو واپس لیتے ہوئے عدالت میں جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں