ضمیر کابلوو کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات


اسلام آباد: روسی صد رولادی میر پیوٹن کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوو پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ جس کے بعد دفترخارجہ کے سینئر حکام اور روسی سفارتخانے کے حکام کی جانب سے ان کا استقبال کیا گیا ہے۔

ضمیر کابلوو وزارتِ خارجہ پہنچے ہیں جہاں انہوں نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور افغانستان میں قیام امن سمیت مختلف علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

ضمیرکابلوو کا کہنا ہے کہ افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ضمیر کابلوو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں جہاں وہ افغان مفاہمتی عمل پر بات چیت کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ ضمیر کابلوو کا یہ دورہ  روس کی خواہش پر ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ وہ دفترخارجہ میں اعلی سول و عسکری قیادت سے ملاقات اور بات چیت کریں گے۔

دورے میں افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان ہونے والے معاہدے سمیت دو طرفہ تعلقات پربھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس سے قبل روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان نے بتایا تھا کہ شدت پسند تنظیم داعش کے تقریبا دس ہزار عسکریت پسند افغانستان میں موجود ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس تاجکستان اور ترکمانستان کے ساتھ واقع شمالی افغانستان میں داعش کی بڑھتی ہوئی آماجگاہوں کے حوالے سے بہت فکر مند ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے اور ضمیرکا بلوو کا دورہ پاکستان اہم سمجھا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں