ٹی 20 ورلڈ کپ 2020: گروپ میچز میں کوئی پاک بھارت مقابلہ نہیں

ٹی 20 ورلڈ کپ 2020: گروپ میچز میں کوئی پاک بھارت مقابلہ نہیں | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: ای ایس پی این


دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے زیراہتمام ٹی 20 ورلڈ کپ 2020 کے گروپ میچز میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے نہیں آئیں گے۔

کرکٹ کے روایتی حریف 2011 سے گروپ میچز میں ایک دوسرے کا سامنا کرتے آ رہے ہیں اور 2019 کے ورلڈ کپ میں بھی آمنے سامنے ہوں گے۔

آئی سی سی کی ٹی 20 رینکنگ کے بدولت ایسا کیا گیا ہے کیوں کہ پاکستان اور بھارت بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر ہیں اسی وجہ سے ٹی 20 ورلڈ کپ 2020 میں دونوں ٹیموں کو ایک گروپ میں نہیں رکھا جا سکتا۔

دوسری جانب انگلینڈ اور اور آسٹریلیا بھی گروپ میچز میں آمنے سامنے نہیں آ سکیں گے کیوں کہ انگلینڈ کو گروپ بی میں بھارت کے ساتھ رکھا گیا ہے اور آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ گروپ اے میں شامل ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ2020 کیلئے آٹھ ٹیموں نے کوالیفائی کر لیا ہے جب کہ  دیگر چار ٹیموں کا انتخاب کوالیفائینگ ٹورنامنٹ سے ہوگا جس میں سری لنکا اور بنگلہ دیش بھی حصہ لیں گی۔

ٹورنامنٹ کا پہلا میچ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا مقابلہ بھارت اور انگلینڈ کے مابین ہوگا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2020 کے تیسرے مقابلے میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی نے سڈنی میں مینز اینڈ  ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق ورلڈ کپ آئندہ سال آسٹریلیا میں ہو گا جس کا انعقاد 18 اکتوبر سے 15 نومبر 2020 تک ہوگا۔

ایونٹ کے تمام 45 میچز آسٹریلیا میں ہی کھیلے جائیں گے جن میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ سپر 12 مرحلہ 24 اکتوبر سے 8 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

مینز ورلڈ کپ کا پہلا راؤنڈ 18 اکتوبر سے 30 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ پہلے راؤنڈ میں سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں کوالفائرز ٹیموں کے ساتھ کھیلیں گی جس کے بعد چار ٹیمیں پہلے راؤنڈ سے اگلے مرحلے میں کوالیفائی کریں گی۔

گروپ ون میں پاکستان، آسڑیلیا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اوردو کوالیفائر ٹیمیں جبکہ گروپ ٹو میں بھارت، انگلینڈ، جنوبی افریقا، افغانستان اور دو کوالیفائر ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان کی ٹیم 24 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف ایونٹ کا پہلا میچ کھیلے گی۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 11 نومبر کو سڈنی اور دوسرا سیمی فائنل 12 نومبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کا فائنل 15 نومبر کو میلبرن میں کھیلا جائے گا۔

ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دس ٹیمیں 23 میچز کھیلیں گی۔ ایونٹ اگلے سال 21 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں