نئے سال میں بینک ڈکیتی کی سب سے بڑی واردات


کراچی: ڈیفنس کے علاقے میں سیکیورٹی پر مامور نجی بینک کے گارڈ نے راتوں رات بینک کا صفایا کر دیا ہے۔

نجی بینک کا سیکیورٹی گارڈ بینک کے لاکرز کاٹ کر 65 لاکھ روپے نقد سمیت دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گیا ہے۔ لاکرز کاٹنے کے لیے ملزم اپنے ہمراہ ویلڈنگ کا سامان اورکٹرمشین بھی لایا تھا۔

پینسٹھ لاکھ روپے نقد کے علاوہ ملزم راتوں رات دس لاکرز خالی کر کے رفوچکر ہوگیا۔ بینک عملہ صبح پہنچا تو کارروائی کا علم ہوا جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔

پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ منظور پچھلے چھ ماہ سے بینک میں رات کی ڈیوٹی کررہا تھا۔ وہ مستونگ سیکیورٹی سروسز نامی کمپنی کا ملازم تھا۔

پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے واردات کی سی سی ٹی وی حاصل کرلی ہے جس کے بعد آئی جی سندھ کلیم امام کی جانب سے واقعہ پر ڈی آئی جی، سی آئی اے اور ڈی آئی جی جنوبی سے علیحدہ علیحدہ تحقیقات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اس سے قبل بھی کراچی کے ایک اور نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں 51 لاکھ روپے سے زائد کی رقم چوری کر لی گئی تھی۔ مدثر نامی ملزم رقم لوٹ کر فرار ہوگیا تھا۔


متعلقہ خبریں