سانحہ ساہیوال، سینیٹ قائمہ کمیٹی نے جے آئی ٹی مسترد کر دی


اسلام اباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سانحہ ساہیوال کے حوالے سے بنائی گئی جے آئی ٹی مسترد کر دی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین رحمان ملک کی زیر صدارت ہوا جس میں ساہیوال سانحے میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں متاثرہ خاندان کے افراد نے بھی شرکت کی ہے۔

متاثرہ خاندان کو انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ آپ کے ساتھ انصاف ضرور ہوگا اور آپ کو پروٹیکشن بھی دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ اس سانحے میں مارے گئے وہ شہید ہیں، یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے، ہم کوئی بھی چیز چھپنے نہیں دیں گے۔

سانحہ ساہیوال کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید عباسی نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کو ختم کر کے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے جاوید عباسی کے موقف پر اعتراض کیا گیا اور دونوں جماعتوں کے ارکان آپس میں الجھ پڑے۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ جاوید عباسی نے حکومت اور وزراء کی مداخلت کی بات کی ہے۔

مقتول ذیشان کی والدہ کا کہنا تھا کہ میرے گھرجا کردیکھیں لہو لہان ہوگیا ہے۔ لوگ مجھے دہشتگرد کی ماںکہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے پر لگایا گیا دہشتگردی کا لیبل لگایا وہ اتاردیں۔ اس کے علاوہ کچھ نہیں چاہیئے۔


متعلقہ خبریں