بجٹ خسارہ 5.6 فیصد رہنے کا امکان، 2019 کی پہلی سہ ماہی رپورٹ جاری

بجٹ خسارہ5.5سے 5.6 فیصد رہنے کا امکان، 2019 کی پہلی سہ ماہی رپورٹ جاری | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


کراچی: اسٹیٹ بینک نے پاکستانی معیشت پر سال 2019 کی پہلی سہ ماہی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں بجٹ خسارہ 5.5 سے 5.6 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جب کہ اس کا ہدف 4.9 فیصد رکھا گیا تھا۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق 2019 کی پہلی سہہ ماہی میں معاشی ماحول چیلنجنگ رہا اور خام تیل کی عالمی قیمتیں سب سے بڑی مشکل رہیں جن کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

2019 کی پہلی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق خام تیل کی قیمتوں نے بیرونی شعبوں میں بہتری کو زائل کیا اور سیاسی تبدیلی کی وجہ سے بیرونی ادائیگیوں کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہا۔

اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ مالیاتی صورتحال اخراجات میں لچک نہ ہونے کے سبب دباؤ میں رہی اور نئی حکومت نے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ترقیاتی اخراجات کم کئے، ٹیکس چھوٹ کو جزوی کم کیا اور بیرونی فنانسنگ کے نئے ذرائع تلاش کئے۔

پاکستان کے مرکزی بینک نے کہا ہے کہ معیشت کو استحکام دینے پر کام قلیل مدت میں جاری رہے گا لیکن معیشت کو درپیش ساختی مسائل کے حل کے لئے ریفارم پروگرام میں تیزی لانا ضروری ہوگیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے اپنی پالیسی میں کہا ہے کہ بڑے پیمانے کی صنعتوں کی نمو سات سالوں میں پہلی مرتبہ کم ہوئی ہے،

روپے کی قدر، شرح سود میں اضافہ اور ریگولیٹری ڈیوٹیز کی وجہ سے صنعتی نمو کم ہوئی۔


متعلقہ خبریں