خبردار: ایپل موبائل سے نجی معلومات افشا ہونے کا خدشہ


اسلام آباد: ایپل موبائل کے ذریعے اگر فیس ٹائم سے ملائی گئی کال نہ اٹھائی جائے تو بھی کال کرنے والا کچھ دیر کے لیے دوسری جانب موجود شخص کی باتیں سن سکتا ہے، ایسا ’فیس ٹائم سافٹ ویئر‘ میں موجود خرابی کی وجہ سے ممکن ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایپل نے اپنے ’فیس ٹائم سافٹ ویئر‘ میں موجود خرابی کا اعتراف کرلیا ہے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق ایسا بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ بعض اوقات کال وصول کرنے والے کے آئی فون سے اس کی لاعلمی میں ویڈیو بھی چلی جاتی ہے۔

ایپل نے اس ضمن میں مؤقف اپنایا ہے کہ سافٹ ویئر کی خرابی دور کرنے کے لیے اپڈیٹ تیار کرلی گئی ہے جو بہت جلد صارفین تک پہنچ جائے گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق اس مسئلے کی سب سے پہلے نشاندہی ’نائن ٹو فائیو میک بلاگ‘ نامی ویب سائٹ نے کی تھی۔ ویب سائٹ کے مطابق یہ صورتحال اس وقت درپیش ہوتی ہے جب دونوں صارفین ایپل کا 12.1 یا اس سے نیا آپریٹنگ سسٹم استعمال کر رہے ہوتے ہیں۔

’نائن ٹو فائیو میک بلاگ‘ ویب سائٹ کے مطابق یہ مسئلہ اس وقت درپیش ہوتا ہے جب کال پر دو صارفین موجود ہوتے ہیں اور موجود خرابی کے سبب گروپ میں بات کرنے والا فنکشن آن ہو جاتا ہے۔

’فیس ٹائم سافٹ ویئر‘ میں موجود ’خرابی‘ کال نہ اٹھانے کی صورت میں بھی کال وصول کرنے والے کا مائک آن کردیتی ہے اور صورتحال اس وقت اور پیچیدہ ہوجاتی ہے جب متعدد گھنٹوں کے بعد کال ڈراپ ہونے تک دوسری طرف سے آواز آتی رہتی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایپل نے دعویٰ کیا ہے کہ اپڈیٹ رواں ہفتے ہی جاری کردی جائے گی۔

ایپل میں خرابی کی نشاندہی کرنے اور دنیا کو بتانے والی ویب سائٹ ’نائن ٹو فائو میک‘ کے مطابق متعدد بار بٹن دبا کر کال منقطع کرنا یا فون بند کرنا بھی صارفین کو اس لیے اور زیادہ مہنگا پڑ سکتا ہے کیونکہ ایسا کرنے سے آڈیو کے علاوہ ویڈیو بھی چلی جائے گی۔

بی بی سی کے مطابق ایپل نے ذرائع ابلاغ کے لیے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ہمیں اس مسئلے سے پوری آگاہی ہے، اس کو درست کرنے والی اپڈیٹ رواں ہفتے کے اختتام تک جاری کردی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو ’جیک ڈورسی‘ کے علاوہ بھی بہت سے پریشان حال صارفین نے فیس ٹائم کے فنکشن کو فون کی سیٹنگز میں جا کر ڈس ایبل کرنے کی تجویز دی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس اہم مسئلے کی نشاندہی اسی روز کی گئی جب امریکہ میں ایپل کے سربراہ ٹم کک کی کوششوں سے ’قومی یوم پرائیویسی‘ کا دن منایا جا رہا تھا۔

 

ایپل نے گزشتہ دنوں ہی لاس ویگاس کے کنزیومر الیلیکٹرانک شو میں اپنی پرائیویسی کی نمائش کی تھی۔

کنزیومر الیکٹرانک شو میں ایپل نے بحیثیت کمپنی شرکت نہیں کی تھی لیکن منعقدہ تقریب کی جگہ پر ایک ’بل بورڈ‘ آویزاں کیا تھا جس پر لکھا تھا کہ آپ کے آئی فون پر جو ہوتا ہے وہ آئی فون میں ہی رہتا ہے۔


متعلقہ خبریں