پاکستان پوسٹ، جرمن سفیر مراد سعید کی کاوشوں کے معترف

مراد سعید سے جرمن سفیر کی ملاقات


اسلام آباد: جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ (جی پی او) کو جدید بنانے کے لئے مراد سعید کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور لگن سے بہت متاثر ہوا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں جرمن سفیر نے وفاقی وزیر مراد سعید سے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کم عمر ترین وفاقی وزیر سے مل کے نہایت خوشی ہوئی۔

جرمن سفیر نے کہا کہ مراد سعید کی قیادت میں پاکستان پوسٹ میں اعتماد اور بھروسہ بڑھے گا۔

واضح رہے گزشتہ روز جرمن سفیر نے پاکستان پوسٹ کے ذریعے صرف دو سو روپے میں اپنا ایک پارسل برلن بھیجا۔

سات دن بعد پارسل برلن پہنچنے پر جرمن سفیر نے خوشی کا اظہار کیا اور ٹوئیٹ کے ذریعے اپنی خوشی بیان کرتے ہوئے لکھا کہ

’یاد ہے کہ میں نے برلن میں اپنے خاندان کو 200روپے میں غیر رجسٹرڈ ڈاک کے ذریعے ایک تحفہ بھیجا تھا؟
پرجوش ہوں کہ یہ صرف 7 دنوں میں پہنچ گیا! حیرت انگیز، قابل اعتماد سروس!!‘۔

گزشتہ ہفتے جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے ملک میں بنی ہوئی سائیکل خرید کر پاکستانیوں کو وطن عزیز میں بنی ہوئی مصنوعات کو ترجیح دینے کا پیغام دیا۔

پاکستانی ٹوئٹر پر سیلیبریٹی کی حیثیت رکھنے والے جرمن سفیر کو ابتدا میں سائیکل تلاش کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔


ان کا کہنا تھا کہ وہ جہاں جاتے غیر ملکی سائیکل ہی پاتے تاہم بالآخر انہیں راولپنڈی میں پاکستانی سائیکل مل گئی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی سائیکل لال رنگ کی ہے، اس میں ایک ہارن بھی لگا ہوا ہے اور انہیں وہ بہت پسند ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں مارٹن کوبلر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پڑے کوڑے اور کچرے کے ڈھیروں کی نشاندہی کی تھی۔

بعدازاں وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی انتظامیہ حرکت میں آ گئی ہے اور ڈائریکٹرسنیٹیشن سردار خان زمری نے ایف سیون ایریا کے انسپکٹر اور سپروائزر کومعطل کر دیا تھا۔

مارٹن کوبلر نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں کچرے کے ایک ڈھیر کے ساتھ سیلفی بنا کر اسے ٹویٹ کیا تھا۔

پاکستان کے یوم دفاع کے موقع پر سیرو سیاحت سے پاکستان کے مثبت پہلو اجاگر کرنے میں پیش پیش مارٹن کوبلر نے بھی یوم دفاع کے موقع پر وطن کے بیٹوں کو خوبصورت خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

مارٹن کوبلر نے اپنے ٹوئٹ میں وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے اور اب بھی اس کوشش میں مصروف افراد کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔


متعلقہ خبریں