حج پر سبسڈی جائز ہے،اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے

اسلام آباد میں مندر کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کے ریسرچ ونگ کو بھیجا گیا قبلہ ایاز

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز


اسلام آباد: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے حج سبسڈی کے لئے زکوٰة کے پیسے استعمال نہیں ہو سکتے تاہم زکوٰة کے علاوہ حج پر سبسڈی کسی بھی مد سے دی جاسکتی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے دو روزہ اجلاس کے بعد چیرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سازی کے عمل میں اسلامی نظریاتی کونسل متحرک ہوتی ہے، جتنے بھی قوانین بنتے ہیں کونسل ان کا جائزہ لیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے اندرون ملک سود کا نظام ختم کیا جائے پھر بیرون ملک کے قرضوں پر سود کے نظام کو ختم کیا جا سکے گا، سود اور اسلامی بنکاری کے حوالے سے ہم رپورٹ حکومت کو پہلے سے دے چکے ہیں۔

طلاق کے مسئلے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ طلاق ثلاثہ دینے سے طلاق واقع ہو جاتی ہے۔ یہ معاشرتی معاملہ ہے اسلامی نظریاتی کونسل اسے قابل تعزیر جرم قرار دینے کی سفارش کرچکی ہے۔

سانحہ ساہیوال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور تشویش ناک ہے،انسانی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے ،انسانی جان کی حرمت کا خصوصی طور پر خیال کیا جائے ،کونسل لورالائی واقعہ پر بھی افسوس کا اظہار کرتی ہے ۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ ریاست مدینہ کے نمایاں خدوخال کے حوالے سے ورکنگ گروپ قائم کردیا گیا ہے ،ورکنگ گروپ میں ڈاکٹر انور ، خورشید ندیم، علامہ عارف واحدی اور ڈاکٹر فرخندہ ضیاء شامل ہیں ،ریاست مدینہ کے حوالے سے سفارشات اور عملی اقدامات کے لئے ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے وراثت کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی کی جائے گی اور اس حوالے سے وزارت انسانی حقوق کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ پنجاب چیرٹیز ایکٹ 2018 کی متعدد شقیں شرعی اصولوں کی خلاف ورزی میں بنی ہیں جس کا متبادل ڈرافٹ نظریاتی کونسل تیار کرے گی۔


متعلقہ خبریں