پاکستان میں قومی حکومت بننے کا کوئی امکان نہیں، اعجاز چوہدری

پاکستان میں قومی حکومت بننے کا کوئی امکان نہیں، اعجاز چوہدری | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: ہم نیوز



اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ اتحادی ناراض ہوتے رہتے ہیں اور سب لوگ چاہتے ہیں کہ ان کے پاس زیادہ سے زیادہ اختیار آجائے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے۔

پی ٹی آئی رہنما نے قومی حکومت کے سوال پر کہا کہ پاکستان میں ایسی باتیں ہمیشہ ہوتی رہی ہیں لیکن آج ایسی صورتحال نہیں ہے، حکومت اپنے پاؤں پر کھڑی ہے اور ہر اگلا دن بہتری کی جانب ایک قدم ہے۔

اعجاز چوہدری نے کہا کہ تمام مقدمات پرانے ہیں اور نیب قوانین کے مطابق چل رہے ہیں، میں خود پریشان ہوں کہ پروسیڈنگ اتنی آہستہ کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کے باہر جانے کا فیصلہ تین ہفتے پہلے کا ہے اگر ہم مداخلت کرتے تو شاید صورتحال کچھ اور ہوتی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میڈیا کو وزیراعلیٰ پنجاب سے پتا نہیں کیا مسئلہ ہے لیکن میڈیا والے سکون کریں وہ اپنے عہدے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

مسلم لیگ کے رہنما رانا تنویر نے کہا کہ حکومت اور اتحادی جماعتوں میں معاملات چلتے رہتے ہیں لیکن موجودہ حمکراں جماعت کا مسئلہ کچھ اور ہے ان کا اتحاد فطری نہیں ہے، انہوں نے آغاز میں بہت اچھی باتیں کیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ یہ چل پائیں گی لیکن ہماری خواہش ہے موجودہ حکومت اور سسٹم چلے اور پی ٹی آئی ملک کو آگے لے کر جائیں۔

قومی حکومت کے سوال پر ن لیگی رہنما نے کہا کہ اگر حکومت ہدف پورا نہ کر سکے تو الیکشن کرانا بہترین آپشن ہے کیوں کہ حکمراں جماعت کے پاس اس وقت اکثریت نہیں ہے اور ڈیلور بھی نہیں کر پارہی لیکن ہم معیشت پر موجودہ حکومت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی حکومت بننے کے پیچھے فی الحال کوئی ٹھوس محرکات نظر نہیں آرہے۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مک مکا کے سوال پر جواب میں رانا تنویر نے کہا کہ نواز شریف کو اتنی سہولت بھی نہیں دے سکے انہیں اسپتال منتقل کیا جائے، شریف خاندان کو باقاعدہ ہدف بنایا جا رہا ہے تو ایسے میں ڈیل کا کوئی امکان نہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اتحادی حکومتیں بنانا کوئی اچھا آپشن نہیں ہے کیوں کہ ہم نے ماضی میں بہت مشکل وقت دیکھا ہے، ہماری بلیک میلنگ ہوتی رہی لیکن اس کیلئے آپ کے پاس حوصلہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی پنجاب کے گورنر بننے نہیں گئے، پی ٹی آئی مونس الٰہی کو پیداوار کی وزارت دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا موجودہ حکومت نے جو باتیں کی ہیں وہ پوری نہیں کرپائے گی اور پی ٹی آئی شروع دن سے اپنے پاؤں پر کلہاڑیاں مار رہی ہے۔

حکومت اور ن لیگ کے مک مکا کے سوال پر بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ احتسابی عمل کو اپنی لائن پر چلنا چاہیے، احتساب ہونا چاہیے لیکن اگر صرف اپوزیشن کا احتساب ہوتا رہا تو یہی محسوس ہوگا کہ حکومت بازومروڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ لیگ اور حکومت میں فی الحال کوئی مک مکا نہیں ہوا۔


متعلقہ خبریں