سندھ میں کئی ترقیاتی منصوبوں کی تیاری کی ہے، بلاول


کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے سندھ میں کئی ترقیاتی منصوبوں کی تیاری کی ہے۔

وہ گزشتہ روز یو این ڈی پی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے بات چیت کررہے تھے جس نے ان سے ملاقات کی اور متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینیٹر قرت العین مری، اگناسیو ارتضیٰ اور شکیل احمد بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور ایس ڈی جیز سپورٹ یونٹ کی تیکنیکی مہارت کی مدد  سے ایجنڈا 2030 اور 17 ایس ڈی جی حاصل کرنے کے لیے صوبے میں بنیادی تبدیلیاں لا رہے ہیں اور خواہش مند ہیں کہ اس کے ثمرات سے مقامی آبادی بہرہ مند ہو۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ ہم سندھ میں ایجنڈا 2030 کے حوالے سے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 17 ایس ڈی جیز کو حاصل کرنے کے لئے اہم تنظیموں کی کوششوں میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔

تنظیموں کے حوالے سے انہوں نے وضاحت کی کہ جیسے یو این ڈی پی اور سندھ ایس ڈی جیز سپورٹ یونٹ کے تعاون سے ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نجی شعبے کو اپنے ترقیاتی اقدامات میں تعاون کے لیے کامیاب عوامی نجی شراکت دار بنا رہے ہیں جس کی مثال تھر سے لی جاسکتی ہے۔

ملاقات میں کہا گیا کہ حکومت سندھ نے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کی قیادت میں پائیدار ترقی کے لئے اقوام متحدہ کے عالمی اہداف کو پورا کرنے کی خاطر اپنی اسٹریٹجک کوششیں تیز کی ہیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ سندھ میں 17 ایسڈی جیز اور ایجنڈا 2030 کو حاصل کرنے کے لیے سیاسی قیادت آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کررہی ہے۔

2016 میں سندھ حکومت نے عالمی ایجنڈا 2030 اور اس کے 17 پائیدار ترقیاتی اہداف کو اپنایا تھا جس نے ایک سمت کو فروغ دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے عوام الناس کی خوشحالی، غربت میں کمی، نظام کا استحکام، صاف ستھری آب و ہوا، گندگی سے پاک ماحول جیسے اہداف 2025 تک کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔

ملاقات میں کہا گیا کہ اچھی صحت، معیاری تعلیم، صاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، دھویں سے پاک توانائی، بھوک، مہذب روزگار اور اقتصادی ترقی جیسے مسائل بھی حل طلب ہیں جب کہ غربت کا خاتمہ اور صنفی مساوات کا قیام بھی حکومت کے پیش نظر ہے۔

ملاقات میں کہا گیا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اوروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں صوبہ ترقی کررہا ہے اورنمایاں طور پر کوشاں ہے لیکن ابھی اس میں مزید کام کی ضرورت ہے۔

پی پی پی قیادت سے یو این ڈی پی کے اعلیٰ سطحی وفد کی ہونے والی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جاری پروگراموں کو عمر کوٹ، سجاول، ٹھٹھہ اور ٹنڈو محمد خان جیسے غریب اور متاثرہ علاقوں تک وسعت دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں