سانحہ ساہیوال، شناخت پریڈ آج بھی ملتوی

فوٹو: فائل


ساہیوال: سانحہ ساہیوال کی شناخت پریڈ آج بھی مدعی کے نہ آنے پر مؤخر کر دی گئی ہے۔

سانحہ ساہیوال میں شناخت پریڈ کے سلسلے میں جمعرات کو بھی جے آئی ٹی نے مدعی جلیل کو تیسری بار طلب کیا تھا تاہم مقتول خلیل کے بھائی جلیل آج بھی ساہیوال نہیں پہنچے۔

مقدمہ کے مدعی جلیل نے شناخت پریڈ اور تیسرے سمن کی تعمیل کرنے سے انکار کر دیا جب کہ جے آئی ٹی کا کہنا تھا کہ آج سمن کی تعمیل کے حوالے سے متعلقہ مجسٹریٹ کو آگاہ کیا جائے گا۔

جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) کے سربراہ نے کہا کہ مدعی جلیل کو ساہیوال آنا چاہیے اور کیس کا حصہ بننا چاہیے۔ مدعی کو جن معاملات پر اعتراض ہے وہ ہمیں آکر اپنے اعتراضات جمع کرا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ مقتول خلیل کے بھائی جلیل نے جے آئی ٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ساہیوال آنے سے انکار کر دیا تھا اور جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔

مدعی جلیل نے اس بارے میں کہا تھا کہ ہمارے مقتولین کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار ہی تھے اور پولیس کی سربراہی میں بننے والی جے آئی ٹی ہمیں تسلیم نہیں ہے۔ انہوں نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے بھی سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی کو مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

 


متعلقہ خبریں