راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں تحقیقات کے لیے 40 افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم میں نیب کراچی اور نیب بلوچستان کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نیب کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹرز محمد یونس اور محمد گل آفریدی کا تبادلہ نیب راولپنڈی کیا گیا ہے جب کہ نیب بلوچستان سے ڈپٹی ڈائریکٹر عمیر راتھر کو بھی راولپنڈی بیورو بلا لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تینوں افسران کو ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی تجویز پر بلایا گیا ہے اور تینوں افسران تحقیقاتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ نیب راولپنڈی طلب کیے گئے ڈپٹی ڈائریکٹرز جعلی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات مکمل ہونے تک راولپنڈی بیورو میں خدمات سر انجام دیں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سات جنوری 2018 کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا معاملہ قومی احتساب بیورو کو بھجوایا تھا اور چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو ٹیم کا سربراہ مقرر کیا تھا اور اب نیب 29 مشکوک بینک اکاؤنٹس سے 35 ارب روپے منتقل ہونے پر تحقیقات کر رہا ہے۔
قبل ازیں سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے عدالت کو بتایا تھا کہ 104 جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے تقریباً 210 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔