پی ٹی آئی اور گورنر سندھ سازشیں بند کریں، مرتضیٰ وہاب کا انتباہ

حکومت سندھ نے وفاقی کابینہ کے اقدام کو غیر آئینی قرار دے دیا

فوٹو: فائل


کراچی: سندھ کے مشیر اطلاعات و نشریات اور قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خبردار کیا ہے کہ گورنرسندھ سازشوں سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کو چاہیے کہ وہ این ایف ایف سی ایوارڈ کے مسئلے پر صوبے کی مدد کریں۔

ہم نیوز کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر سمیت سب آئین و قانون کے تابع ہیں اور گورنر کا عہدہ سیاسی نہیں ہے لہذا وہ اپنا آئینی کردار ادا کریں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گورنر سندھ صوبائی حکومت کی ایڈوائس پر کام کرنے کے پابند ہیں۔

صوبائی مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو مشورہ دیا کہ وہ  بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کی بندش پر صوبے کی مدد کریں۔ حکومت سندھ کے ترجمان نے پاکستان تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ سیاسی طور پر متحرک ہونا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن ضروری ہے کہ وہ کام کے لیے متحرک ہو اور سازش کرنے کے لیے متحریک نہ ہو۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں بھی ایک ٹارزن یہاں آئے تھے سندھ حکومت گرانے کے لئے لیکن ناکامی ان کا مقدر بنی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کے ووٹوں سے آئی ہے اور یہ کوئی خریدی ہوئی حکومت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ سازشوں کے باوجود قائم ہے اور اپنا بھرپور کردار بھی ادا کررہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو سخت نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی غلط نہیں بلکہ کوئی پالیسی ہی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ میں ماہ میں ہم نے جو کچھ دیکھا ہے تو اس سے لگتا ہے کہ وفاقی حکومت کنفیوژن کا شکارہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی مشیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نہ کوئی معاشی پالیسی دی ہے اور نہ ہی اس کی کوئی سیاسی پالسی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایجنڈا لیس حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو مشکلات سے نکالنے کے لیے چونکہ ان کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے اس لیے صرف میڈیا پر بیٹھ کر سیاسی بیان بازی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے دوستوں سے درخواست کرتا ہوں کہ عوام کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہوجائیں۔

سندھ کے مشیر قانون نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ وہ اپوزیشن میں نہیں ہے بلکہ حکومت میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی گدھوں اور انڈوں کی فارمنگ سے باہر نکلے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سازشیں بند کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ  جیسے تیسے اقتدار مل گیا ہے تو وفاق اور پنجاب میں اپنے اقتدار کی فکر کرے۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ پی ٹی آئی کے حلیف تک آپ کی پالیسیوں کی وجہ سے نالاں ہیں تو کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ خود سازش کا شکار ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے آپ کو ووٹ سازش کے لیے نہیں بلکہ خدمت کے لیے دیا ہے۔

حکومت سندھ کے مشیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نکتہ چینی کرتے ہوئے نام لیے بغیر کہا کہ دال کھاتے ہوئے تصاویر بنوانا اور قطار میں کھڑے ہونے کی شعبدے بازیاں کرنا بند کردیں۔

 


متعلقہ خبریں