پاک فوج کا نصر میزائل کا ایک اور کامیاب تجربہ

پاکستان ہتھیاروں کے سب سے بڑے درآمد کنندگان میں شامل

فوٹو: آئی ایس پی آر


راولپنڈی: پاک افواج نے کم فاصلے پر زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنانے والے نصر میزائل کا ایک اور کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مشقوں کے دوران دوسرے مرحلے میں میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے۔

نصر میزائل بھرپور دفاعی صلاحیت کا حامل ہے اور دشمن کے بیلسٹک میزائل اور دفاعی نظام کو تباہ کرنے کی طاقت کا حامل ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات بھی تجربے کے موقع پر موجود تھے اور انہوں نے مشقوں میں حصہ لینے والے فوجیوں کی محنت کو بھی سراہا۔

جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ ہمارے سائنسدانوں اور انجینئرز نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی اعلیٰ تربیت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا ہے۔

انہوں نے سائنسدانوں اور انجئنیزز کو بہترین دفاعی نظام بنانے پرمبارکباد دی اور جوہری اثاثوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل اسٹرٹیجک پلان ڈویژن، کمانڈر آرمی اسٹرٹیجک فورسز کمانڈ، چیئرمین نیسکام (NESCOM)، آرمی اسٹرٹیجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسران، سائنسدان اور اسٹرٹیجک آرگنائزیشن کے انجینئرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر مملکت، وزیراعظم اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور شریک افواج کو مبارکباد دی ہے۔


متعلقہ خبریں