سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کو حتمی شکل دے دی گئی

سعودی جیلوں میں قید 100 سے زائد پاکستانی وطن پہنچ گئے | ہم نیوز

اسلام آباد: پاکستان کی وزارت خارجہ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے درمیان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران منعقدہ تقاریب اورسیکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد کے پہلے دورہ پاکستان کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے سمیت دیگر اہم متعلقہ امور کو حتمی شکل دینے کے لیے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے دفتر خارجہ کا دورہ کیا جہاں ان کی اعلیٰ حکام سے بات چیت ہوئی۔

ذرائع نے ’ہم نیوز‘ کو بتایا کہ دفتر خارجہ میں ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات میں سعودی ولی عہد کے دورے سے متعلق اہم امور پر غور و خوص کیا گیا۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وہ اپنے دورے میں پاکستانی قوم سے خطاب بھی کریں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ دورے کے دوران اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی  سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق دورے کے اختتام پر وہ ملائیشیا روانہ ہو جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کے موقع پر پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان بھی متوقع ہے۔ سفارتی حلقوں کو یقین ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دو دن کے اندر تقریباً  14 ارب ڈالرز کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

مؤقر اخبار ’بلوم برگ‘ نے گزشتہ دنوں اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ دسمبر 2017 کے بعد سے چھ مرتبہ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی آئی ہے۔ اخبار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے سرمایہ کاری ہونے کے بعد پاکستانی معیشت میں استحکام آجائے گا۔

مشرق وسطیٰ سے شائع ہونے والے اخبار ’دی نیشنل‘ نے بھی آج ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو قوی امید ہے کہ وہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو فروری 2018 تک تقریباً 30 بلین ڈالرز کی خطیرسرمایہ کاری پررضامند کرلے گا۔

اخبار کے مطابق اس سرمایہ کاری سے ملک میں جہاں معیشت کو استحکام حاصل ہوگا وہیں ملازمتوں کے بھی وسیع مواقع میسر آئیں گے۔

چیئرمین پاکستان بورڈ آف انوسٹمنٹ ہارون شریف نے بھی دی نیشنل سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ’’سعودی عرب سے تقریباً 20 ارب ڈالرز اور متحدہ عرب امارات سے دس بلین ڈالرز کے معاہدے ہونے جارہے ہیں‘‘۔

دی نیشنل سے گفتگو میں ہارون شریف نے بتایا کہ ’’اس ضمن میں تمام کاغذات بھی اعلیٰ حکام کی مشاورت سے  تیارکیے جاچکے ہیں‘‘۔


متعلقہ خبریں