اداروں کے اتنے برے حالات کی امید نہیں تھی، وزیر اعظم


اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ اقتدار میں آنے سے پہلے مجھے اداروں کے اتنے برے حالات کی امید نہیں تھی  اور یہ حالات کرپشن اور مس منیجمنٹ کی وجہ سے ہوا ہے۔

وزیراعظم نے’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان ایک بار پھر 60 کی دہائی والی سطح پر لے جائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ یہ پاکستان کا مشکل ترین وقت ہے کیوں کہ ہمیں اتنے خسارے کا کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا، میں نے پانچ ماہ کے دوران  پاکستان کو اندر سے دیکھا ہے اور اتنے برے حالات میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا لیکن مجھے یقین ہے ہم اوپر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے اور پالیسی کو اپنے ملک کے عوام کے مفاد میں بنائیں گے اور کسی کی جنگ نہیں لڑیں گے۔ عمران خان کا  کہنا تھا کہ کوئی ایسا نہیں جو اونچ نیچ سے نہ گزار ہو، برا وقت انسانوں اور ملکوں کیلیے امتحان ہوتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے پانچ ماہ میں ہر ادارے سے بریفنگز لی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ہمارے ادارے پھر اوپر جائیں گے۔ پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہماری حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام تر سہولیات دینے کیلئے تمام اقدامات کر رہی ہے۔

عمران خان نے اپیل کے بیرون ملک پاکستانی اپنے ملک پیسے بھیجنے کیلئے بینک کا استعمال کریں تاکہ ہمارے بیرونی قرضوں میں کمی آئے۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی بیرون ملک رہا ہوں میں جہاں جاتا تھا مجھے سب سے زیادہ اس بات کا اندازہ ہوا کہ لوگ مجبوری میں باہر گئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت میں آنے کے بعد ہمارے پاس دو راستے تھے یا تو آئی ایم ایف کے پاس جائیں یا دوست ممالک سے قرضہ لیں لیکن آئی ایم ایف کی شرائط بہت سخت تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم زراعت اور سیاحت پر توجہ دیں گے اور ملک کو برے حالات سے نکال لیں گے۔


متعلقہ خبریں