سانحہ ساہیوال: پنجاب حکومت، جے آئی ٹی کی طرف سے معاملے کو التواء میں ڈالنے کی کوشش


اسلام آباد: سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی کی جانب سے جان بوجھ کرتاخیرکرنے اورپنجاب حکومت کی طرف سے جوڈیشل کمیشن سے بچنے کا انکشاف ہوا ہے۔

پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شاہ زیب سے گفتگو کرتے ہوئے ہم نیوز لاہور کے بیوروچیف شیرازحسنات نے بتایا کہ جے آئی ٹی کی جانب سے معاملے کو ارادی طور پرتاخیرکاشکار کیا جارہا ہے۔ ایک ایک گواہ اورعمل پر بہت زیادہ وقت لگایا جارہا ہے،اسی لیے متاثرہ خاندان جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کررہا ہے۔ جے آئی ٹی نے اب تک کسی سئینر افسر کو طلب نہیں کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی کوشش ہے کہ جوڈیشل کمیشن سے بچا جائے کیونکہ جوڈیشل کمیشن سے سب سچ سامنے آجائے گا۔ حکومت کے زہن میں ہے کہ سابقہ حکومت نے کمیشن قائم کیا تھا اور سب کچھ باہرآگیا تھا۔

وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ  جے آئی ٹی کی صرف ابتدائی رپورٹ آئی ہے، جس انداز سے آپریشن کیا گیا یہ بالکل غلط تھا۔خلیل کے خاندان اور عوام کو مطمئن کریں گے، کوئی چیز نہیں چھپائیں گے۔ جے آئی ٹی متنازع نہیں ہے اسے بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ذیشان کے حوالے سے اراکین اسمبلی اور صحافیوں کو ان کیمرا بریفنگ دی گئی۔ ہر چیز جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد واضح ہوجائے گی۔

میری رائے تھی سبسڈی ختم نہ کی جائے،پیرنورالحق قادری

وفاقی حکومت کے حج پرسبسڈی واپس لینے کے معاملے پر فاقی وزیر برائے مذہبی امورنورالحق قادری نے کہا کہ ان کی ذاتی رائے تھی کہ سبسڈی کو ختم نہ کیا جائے لیکن وفاقی کابینہ نے اسے یہ کہہ کر ختم کردیا ہے کہ  کمزور معیشت کے ساتھ سبسڈی نہیں دے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ محمدبن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر ان سے حاجیوں کے لیے بہتر سہولیات کی بات ہوگی لیکن ٹیکسزمیں کمی کا مطالبہ کرکے انہیں مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہتے۔

اسٹیٹ بینک کا شرح سودمیں اضافہ ہومیوپیتھک فیصلہ ہے،ڈاکٹرعابدقیوم سہلری

پاکستان بناو سرٹیفکیٹ کے حوالے سے قومی اقتصادی مشاروتی کونسل کے رکن عابد قیوم سہلری کا کہنا تھا کہ حکومت نے بہت مثبت ریٹ کی پیشکش کی ہے،امید ہے اس سے بہت اچھی سرمایہ کاری آئے گی۔ زرمبادلہ کے زخائر میں اضافہ ہوگا۔

ڈاکٹر عابدقیوم سہلری کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کو شرح سودمیں اضافہ نہیں کرنا چاہیے تھا، اس کا بہت زیادہ منفی یا مثبت اثر نہیں ہوگا۔ یہ ہومیوپیتھک فیصلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب معاشی حالات بہتر ہونا شروع ہوگئے اور مارکیٹ میں یہ تاثر ہے کہ نومبر تک شرح سودمیں کمی واقع ہونا شروع ہوجائے گی۔

عابدقیوم سہلری نے کہا کہ پہلے کے مقابلے میں سرمایہ کارکااعتماد بحال ہورہا ہے۔ مجھے لگ رہا ہے کہ آئی ایم ایف کے حوالے سے حکومت جلد فیصلہ کرلے گی۔

 


متعلقہ خبریں